شبیر اقبال کی شاندار برتری، 11ویں جے اے زمان میموریل اوپن گالف چیمپئن شپ کا فیصلہ کن مرحلہ آج ہوگا

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور جمخانہ گالف کلب میں جاری 11ویں جے اے زمان میموریل اوپن گالف چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیجنڈری گالفر شبیر اقبال نے تیسرے راؤنڈ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں اپنی برتری برقرار رکھی۔
شبیر نے فرنٹ نائن میں برڈیز اور ایک شاندار ایگل کے ساتھ تین انڈر پار کھیل پیش کیا، تاہم بیک نائن میں ڈبل بوگی اور بوگی کی وجہ سے منہاج مقصود نے برتری حاصل کرلی۔ لیکن شبیر نے دباؤ کے لمحات میں تجربے کا ثبوت دیتے ہوئے دو مسلسل برڈیز کے ساتھ لیڈ واپس حاصل کرلی، اور اب فائنل راؤنڈ سے قبل وہ چار اسٹروک کی برتری کے ساتھ ٹاپ پر ہیں۔
ایونٹ میں ملک بھر کے 100 سے زائد گالفرز شریک ہیں، جن میں سے امیچور کیٹیگری کے پہلے راؤنڈ میں رائل پام کے حسین حمید نے 71 اسکور کے ساتھ سبقت حاصل کی۔ 40 کھلاڑی آج کے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔چیمپئن شپ کی خاص بات اس کی ڈیجیٹل کوریج اور لائیو اسٹریم ہے، جبکہ منتظمین آئندہ ایڈیشن میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شمولیت کے لیے پرعزم ہیں۔ ٹورنامنٹ آج (اتوار) فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگا، جہاں شبیر ایک اور ٹائٹل کے لیے فیورٹ تصور کیے جا رہے ہیں۔