نبی کریم ﷺ کی آمد کا جشن مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے ، ملک بھر میں گلیاں بازار اور گھر روشنیوں میں نہا گئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جارہا ہے،گلیوں، بازاروں، گھروں کو روشنیوں سے سجانے کے علاوہ نعتیہ محفلوں اور لنگر کے انتظامات بھی کئے جا رہے ہیں۔ عیدمیلادالنبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے اور وزارت پانی و بجلی نے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان بھی کر دیا ہے جبکہ دن کا آغاز صوبائی دارلحکومت میں 21،21 جبکہ وفاقی دارلحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں نبی آخر الزمان حضرت محمد ﷺ کی آمد کا جشن منانے کیلئے گزشتہ دنوں سے ہی گلیوں، بازاروں، پارکوں، گھروں کو روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے اور مختلف علاقوں میں ’پہاڑیاں‘ بنانے کا سلسلہ بھی جاری رہا جہاں خانہ کعبہ اور روضہ رسولﷺ کے ماڈل رکھے گئے ہیں۔
ملک بھر میں بڑی تعداد میں نعت اور درس قرآن کی محافلوں کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے اور ہر کوئی اپنے اپنے طریقے سے نبی کریم ﷺ کیساتھ محبت کے اظہار کی جدوجہد میں مصروف ہے۔ ملتان میں 12 ہزار پاﺅنڈ وزنی کیک کاٹا گیا ہے۔ حکومت نے بھی عوام کی سہولت اور عقیدت و احترام کے ساتھ جشن عید میلاد النبیﷺ منانے کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔