شعبہ میڈیکل کا تقدس پامال کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی: سلمان رفیق
لاہورخبرنگار)صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ میڈیکل پروفیشن کے تقدس اور اساتذہ کے احترام کو پامال کرنے کی کوشش کرنے اور مریضوں کے علاج معالجہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز کی اکثریت دکھی انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے لیکن محض چند ڈاکٹرز سسٹم کو اپنی مرضی کے مطابق چلانا چاہتے ہیں جو ناممکن ہے۔اتوار کے روز سول سیکرٹریٹ میں تمام میڈیکل کالجز کے پرنسپلز، سپیشلائزڈ انسٹیٹیوشنز اور ٹیچنگ ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ میڈیکل کے شعبہ کی بہتری اور اعلی معیار کے ڈاکٹرز تیار کرنے کے لئے پنجاب ریزیڈنسی پروگرام برائے پوسٹ گریجوایٹ متعارف کرایاگیا ہے تاکہ سفارش کلچر کا خاتمہ ہو اور ہونہار ڈاکٹرزکو بغیر کسی سفارش خالصتا میرٹ پر شفاف طریقہ سے سپیشلائزیشن کرنے کا موقع ملے لیکن یہ بات حیران کن ہے کہ بعض عناصر میرٹ اور ٹرانسپرنسی پر مبنی سسٹم کی مخالفت کرتے ہوئے طب کے مقدس پیشہ کو بدنام کرنے اور ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجہ میں بھی رکاوٹ پیدا کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے تمام پرنسپلز اور ایم ایس حضرات کو ہدایت کی کہ گڑ بڑ کرنے،مریضوں کے علاج معالجہ میں رکاوٹ ڈالنے اور سینئر ڈاکٹرز و اساتذہ کے ساتھ بدتمیزی کرنے یا انہیں دھمکیاں دینے والوں کے خلاف کالج کی ڈسپلنری کمیٹی کے ذریعے ایکشن لیا جائے اور خرابی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق اقدامات کئے جائیں۔