(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے بلوچستان میں ایک ہی شخص کو ٹکٹ سے نواز دیا
کوئٹہ(آئی این پی)ملک کی 2 بڑی سیاسی جماعتوں مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کی جانب سے بلوچستان میں قومی اسمبلی کی نشست کے لیے ایک ہی شخص کو ٹکٹ دے دیا گیا۔
عام انتخابات 2024کے انعقاد کی غیر یقینی صورتحال سے شاید سیاسی جماعتیں خود بھی خوش گمان نہیں اس لیے ٹکٹوں کی تقسیم کا معاملہ بھی نمٹایا ہی جارہا ہے۔مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی نے این اے 259کیچ گوادر کی نشست پر یعقوب بزنجو کو ٹکٹ دیا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کا تعلق ان دونوں جماعتوں میں سے کسی کے ساتھ نہیں۔
(ن) لیگ کی جانب سے 3جنوری کو ایکس ہینڈل پر قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے امیدواروں کی فہرست جاری کی گئی تھی جس میں یعقوب بزنجو کا نام بھی شامل ہے۔چند روز قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ یعقوب بزنجو نے (ن) لیگ کا ٹکٹ لینے سے انکار کردیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں بھی یعقوب بزنجو کا نام شامل تھا۔
دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایسی اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں کہ یعقوب بزنجو نے بلوچستان کی قومی اسمبلی کی نشست گوادر کیچ سے الیکشن لڑنے کے لیے پیپلز پارٹی کا ٹکٹ قبول کر لیا ہے۔