پاناما پیپرز کیس سے لیکر تقریباً ہر سیاسی جماعت کے مقدمات سنے۔۔۔سینئر ترین جج جسٹس اعجازالاحسن کا استعفیٰ بہت سے جواب طلب سوال چھوڑ گیا
اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ ) سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس اعجاز الاحسن کا استعفیٰ کئی سوالات چھوڑ گیا ہے ، انکادور تنازعات سے بھرپو ر اور وہ ہر اہم مقدمے کی سماعت کرنے والے بینچ کا حصہ رہے ۔
"جنگ " کی خصوصی رپورٹ کے مطابق اعجازالاحسن کا استعفیٰ بہت سے جواب طلب سوال چھوڑ گیا ہے کیونکہ ان کا دور تنازعات سے بھرپور تھا۔ ان تنازعات میں پاناما پیپرز کیس کی احتساب عدالت کی نگرانی سے لے کر تقریباً ہر سیاسی جماعت کے مقدمات سننا، گرینڈحیات ٹاور کیس کی سماعت پر اعتراضات اور جسٹس مظہر اکبر نقوی کو سپریم جوڈیشل کونسل سے بچانے کی کوششوں جیسے معاملات شامل ہیں۔ جب سے جسٹس میاں ثاقب نثار نے چیف جسٹس کا حلف لیا تھا جسٹس اعجازالا حسن ہر اہم مقدمے کی سماعت کرنے والے بینچ کا حصہ رہے ہیں۔ حتیٰ کہ سپریم کورٹ کے ججوں نے اس وقت بھی بینچوں کی کمپوزیشن میں ججوں کی شمولیت کے حوالے سے متعدد خط لکھے تھے کہ دیگر ججوں کو نظرانداز کیاجارہا ہے۔