ہمارا ویک اینڈ برباد کرنے کا شکریہ، چیف جسٹس
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پی ٹی آئی کے بلے کے نشان کے حوالے سے کیس کی سماعت کل صبح 10 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بینچ نے آج صبح درخواست پر سماعت کا آغاز کیا۔
آج ہونے والی سماعت میں الیکشن کمیشن کے وکیل مخدوم علی خان نے دلائل مکمل کرلئے ، تحریک انصاف کے وکلا کل دلائل کا آغاز کریں گے۔دورانِ سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ حامد خان صاحب آپ تھکے ہوئے لگ رہے ہیں، ہم بھی تھک گئے ہیں، انہوں نے وکیل حامد خان سے استفسار کیا کہ آپ آج دلائل دیں گے یا کل؟ ہم کل صرف آپ کیلئے بیٹھیں گے، بتائیں کس وقت سماعت رکھیں، ہم انتخابات کروانا چاہتے ہیں ، آپ جو چاہیں گے ہم وہ کریں گے، فیصلہ نہیں صرف سماعت کا وقت ۔
ہفتے کی صبح دس بجے سماعت کا آغاز کریں گے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اکبر ایس بابر کے وکیل سے استفسار کیا کہ اگر نشان نہ ملا تو آپ کو بھی نقصان نہیں ہوگا؟ آپ بھی تو ممبر ہیں پارٹی کے، آپ اصولوں پر کیس لڑنا چاہتے ہیں،وکیل کے جواب دیا جی۔ دورانِ سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جمہوریت کے تقاضے پورے نہیں ہورہے، اب تک جو میں سمجھ سکا ہوں، کچھ ٹیکنیکل چیزیں ہیں وہ نظر انداز کر دیتے ہیں، ایک بنیادی چیز ہے جمہوریت، جمہوریت ملک میں بھی ہونی چاہیے اور پارٹی میں بھی ہونی چاہیے، آرٹیکل 17 تو یہی کہہ رہا ہے، آرٹیکل 17 کا ڈیکلریشن تو دیں، اگر الیکشن ٹھیک تھے تو پھر نشان دینا چاہیے، عدالت کی اکبر ایس بابر کے وکیل کو ابھی مختصر دلائل دینے کی ہدایت کی۔
عدالت نے اکبر ایس بابر سے بانی رکن ہونے کا ثبوت مانگ لیا ۔ پی ٹی آئی سے اکبر بابر کو نکالنے کی دستاویزات بھی طلب کر لی گئیں۔ وکیل اکبر ایس بابر نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کے اختیارات کم نہیں کر سکتی، چیف جسٹس نے عدالتی عملے کو رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ سے معلومات لینے کی بھی ہدایت کر دی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر پی ٹی آئی نے ثابت کردیا کہ ان کے پارٹی الیکشن درست ہے تو ریلیف دینا لازم ہے، الیکشن کمیشن کو بھی انہیں انتخابی نشان دینا لازم ہوگا، اور اگر پی ٹی آئی ثابت کرنے میں ناکام رہی تو پھر انہیں نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔
ان ریمارکس کے بعد چیف جسٹس نے سماعت کل صبح 10 بجے تک ملتوی کر دی، اور پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان کو ہدایت کی کہ کل صبح آپ کے دلائل سے سماعت کا آغاز ہوگا۔ کیس جب تک ختم نہیں ہوگا تب تک سماعت چلے گی۔ ہمارا ویک اینڈ برباد کرنے کا شکریہ۔