پنجاب میں پاکستان کا پہلا کینسر رجسٹری ڈیٹا بینک قائم کرنے کا فیصلہ، بریسٹ کینسر بلاک میں تمام سٹاف خواتین پر مشتمل ہوگا
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پنجاب میں پاکستان کا پہلا کینسر رجسٹری ڈیٹا بینک قائم کرنے اور بریسٹ کینسر کی تشخیص کے لئے لیڈی ہیلتھ وزیٹر کی ٹریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز سے پنک ربن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور بانی ڈاکٹر عمر آفتاب کی ملاقات میں پاکستان کا پہلا کینسر رجسٹری(ڈیٹا بینک) قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا اور بریسٹ کینسر کی تشخیص کے لئے لیڈی ہیلتھ ورکرکی ٹریننگ کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔پنجاب میں فی میل سٹاف کے لیے میمو گراف کے ٹیسٹ کی سہولت لازم کرنے پر غور کیا گیا اورنوازشریف کینسر ہسپتال میں بریسٹ کینسر بلاک بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ میموگراف مشین کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے پی آئی ٹی بی کو ایپ بنانے کا ٹاسک دیا جائے گا۔پاکستان کے پہلے سرکاری نوازشریف کینسر ہسپتال کے بریسٹ کینسر بلاک میں تمام سٹاف خواتین پر مشتمل ہوگا۔کینسر کے مریضوں کا مستند ڈیٹا میسر ہونے سے علاج کی سہولتیں فراہم کرنے میں آسانی ہوگی۔ دنیا بھر میں بریسٹ کینسر 55سال اور پاکستان میں 35سا ل کی عمر بھی ہورہا ہے۔ پنجاب بھر میں متعین لیڈی ہیلتھ وزیٹر بریسٹ کینسر کلینک تشخیص کر سکیں گی۔ اکتوبر میں پنک ربن مہم وزیر اعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں شروع ہوگی۔چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور دیگر بھی موجود تھے۔