چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کا دورہ اردن، جنرل ندیم رضا کو اعلیٰ ترین اعزاز سے نواز ا گیا
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن )چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا نے اردن کا دورہ کیا ہے جہاں انہیں اردن کے ” آرڈر آف ملٹری میرٹ آف دی فرسٹ گریڈ“ سے نوازا گیا ہے۔
نجی ٹی وی 92نیوز کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل(ڈی جی آئی ایس پی آر ) نے کہا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے دورہ اردن کے دوران اردن کے ہم منصب میجر جنرل یوسف احمد سے ملاقات کی ہےجس میں سکیورٹی ، دفاعی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آ ر کے مطابق جنرل ندیم رضا اور میجر جنرل یوسف احمد کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان رابطوں میں وسعت پر بھی گفتگو کی گئی ہے۔جنرل یوسف احمد نے پاکستانی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ امور اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی لازوال قربانیوں کو سراہا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کی آمد پر انہیں اردن کے فوجی دستے کی جانب سے سلامی دی گئی اور جنرل ندیم رضا کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں کلیدی خدمات کے اعتراف پراعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا۔جنرل ندیم رضانے اردن کے سپیشل آپریشن ٹریننگ سنٹر کا بھی دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان اردن کے ساتھ فوجی تعاون کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔