جنوبی افریقہ بمقابلہ ویسٹ انڈیز، پہلے ٹیسٹ میچ کا نتیجہ سامنے آگیا
آئسلیٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن )جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو ایک اننگز اور 63 رنز سے شکست دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کی ٹیم ان دنوں ویسٹ انڈیز کے دورے پر ہے۔پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 97 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کے صرف پانچ کھلاڑی ڈبر فگرز میں داخل ہوسکے تھے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے انگیڈی نے پانچ،نوکیا نے چار اور ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 322 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز ڈی کوک 141 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے،دیگر بلے بازوں میں ایڈن مارکرم 60 اور وینڈرسے 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے چار،سیلز نے تین اور کیمار روچ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسری اننگز میں بھی ویسٹ انڈیز کے بلے باز جم کر بیٹنگ نہ کرسکے اور پوری ٹیم 162 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیز62 رنز بناکر نمایاں رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ربادا نے پانچ، نوکیا نے تین جبکہ مہاراج نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔شاندار بیٹنگ پر ڈی کوک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔