آسٹریلوی کرکٹر بریٹ لی کی بیئر کمپنی صرف 3 سال میں دیوالیہ ہو گئی

کینبرا (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر بریٹ لی کی بیئر کمپنی "سڈنی بیئر کو" کاروباری مشکلات کی وجہ سے بند ہو گئی اور کمپنی کو انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ آسٹریلوی سیکیورٹیز اینڈ انویسٹمنٹس کمیشن (اے ایس آئی سی) میں جمع کرائے گئے دستاویزات کے مطابق کمپنی کامیابی سے تجارتی سرگرمیاں جاری رکھنے میں ناکام رہی۔یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب کمپنی نے امریکی مارکیٹ میں توسیع کے لیے 60 لاکھ ڈالر اکٹھے کیے تھے۔ "سڈنی بیئر کو" آسٹریلیا میں بیئر فروخت کرنے کے ساتھ ساتھ اسے ملائیشیا بھی برآمد کر رہی تھی۔
"نیوز 18" کے مطابق بریٹ لی کو 2022 میں آسٹریلوی اداکار اور مصنف میٹ نیبل کے ساتھ اس کمپنی کا شریک مالک قرار دیا گیا تھا۔ جب کمپنی کا آغاز ہوا تو اسے ڈین وڈبریج اور ڈیوڈ کیٹریل نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ اب آر ایس ایم آسٹریلیا کے شراکت دار بریٹ لارڈ اور رچرڈ اسٹون کمپنی کے منتظمین مقرر کیے گئے ہیں، جو 19 مارچ کو قرض دہندگان سے ملاقات کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی کی فروخت میں کمی کی بنیادی وجوہات بیئر کی قیمتوں میں اضافہ اور بڑھتے ہوئے اخراجات ہیں۔ اس دیوالیہ ہونے کی ایک اہم وجہ آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز کی جانب سے بیئر ایکسائز پر اگلے دو سال کے لیے عائد پابندی بھی سمجھی جا رہی ہے۔