ہنی ٹریپ کیس کے بعد خلیل الرحمان قمر نے جذباتی بیان جاری کر دیا
لاہور (ویب ڈیسک) ہنی ٹریپ کیس کا شکار معروف ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمٰن قمر نے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ وہ آمنہ عروج، اس کے گینگ اور سوشل میڈیا ٹرولز کو معاف نہیں کریں گے۔
حال ہی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ ’انہوں نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا، میں انہیں معاف نہیں کروں گا اور انہیں سزا ملے گی، ان کو سخت سزا دینا ضروری ہے‘۔خلیل الرحمٰن قمر نے مزید کہا کہ 'میرا اِس گینگ سے کوئی تعلق نہیں، مجھے نہیں معلوم کہ آمنہ عروج کون ہے'۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت خطرناک گینگ ہے جو پہلے سے مطلوب تھا اور قتل کے متعدد مقدمات میں ملوث تھا، وہ لڑکی کیسے کہہ سکتی ہے کہ اُس پر تشدد کیا گیا، جبکہ وہ خود مجرم تھی؟‘خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ ’عزت دینا اللہ کے ہاتھ میں ہے، جب تک انہیں سزا نہیں مل جاتی تب تک سکون سے نہیں بیٹھوں گا، پہلے اس گینگ سے نمٹوں گا، پھر ٹرول کرنے والوں سے بھی نمٹوں گا'۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم قانونی طور پر کام کررہے ہیں، سوشل میڈیا پر ٹرول کرنے والوں کو بھی سزا ملے گی'۔واضح رہے کہ خلیل الرحمٰن قمر ایک معروف پاکستانی ڈرامہ رائٹر اور پروڈیوسر ہیں جنہوں نے متعدد ہٹ ٹیلی ویژن ڈرامے اور فلمیں بھی لکھی ہیں۔
اُن کے مشہور ڈراموں اور فلموں میں منجھلی، صدقے تمہارے، بنٹی آئی لو یو، میرے پاس تم ہو، پیارے افضل، جنٹلمین، زمین بازار، لال عشق اور میں پنجاب نہیں جاؤں گی شامل ہیں۔
رواں برس 15 جولائی کو ایک گینگ نے خلیل الرحمان قمر کو آمنہ عروج نامی خاتون کے گھر بُلا کر اغوا کیا اور تشدد کے نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ اُن سے بھاری رقم بھی چھین لی جس کا مقدمہ خلیل الرحمان نے 21 جولائی کو درج کروایا۔
خلیل الرحمان قمر نے ایف آئی آر درج کروائی تو پولیس حرکت میں آئی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ پولیس ملزمان کو پکڑنے کے لیے ننکانہ صاحب پہنچی تو وہاں جاکر معلوم ہوا کہ یہ 10 سے 12 لوگ ہیں جو کروڑ پتی لوگوں کو ہنی ٹریپ کرکے لوٹتے ہیں۔
پولیس کو معلوم ہوا کہ عوام کو لوٹنے والے گروہ میں 3 لڑکیاں ہیں جن کو مختلف ٹاسک دیے جاتے ہیں، اور آمنہ عروج کو بھی باقاعدہ ٹاسک دیا گیا تھا کہ رائٹر خلیل الرحمان قمر کو ٹریپ کرنا ہے جس میں وہ کامیاب ہوگئی۔
پولیس کے مطابق آمنہ عروج اس طرح مختلف لوگوں کو لوٹتی رہی ہے، خلیل الرحمان قمر بھی ان کے جھانسے میں آگئے اور آمنہ عروج انہیں لوٹنے میں کامیاب ہوگئی۔
رائٹر خلیل الرحمان کو لوٹنے اور اغوا کرنے والے گروہ کو آمنہ عروج سمیت گرفتار کیا جا چکا ہے، یہ 12 لوگوں کو گروہ ہے، جنہوں نے خلیل قمر کو اغوا کرکے ایک کروڑ روپے کا تاوان بھی مانگا تھا۔
یہ تمام ملزمان تاحال زیرحراست ہیں جن کے خلاف عدالت میں مقدمہ زیرسماعت ہے۔