بلاول بھٹو نے آئینی ترمیم کا مسودہ شیئر کرکے عوام سے تجاویز بھی مانگ لیں

بلاول بھٹو نے آئینی ترمیم کا مسودہ شیئر کرکے عوام سے تجاویز بھی مانگ لیں
بلاول بھٹو نے آئینی ترمیم کا مسودہ شیئر کرکے عوام سے تجاویز بھی مانگ لیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 26ویں آئینی ترمیم کا مسودہ شیئر کرتے ہوئے عوام سے تجاویز بھی مانگ لیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے عدالتی اصلاحات سے متعلق میثاق جمہوریت کے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل کیلئے پیپلزپارٹی کی تجاویز پر مبنی ٹویٹ کیا۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی  نے آئینی ترامیم سے متعلق پی پی پی کا مسودہ بھی عوام سے شیئر کردیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہم ایک وفاقی آئینی عدالت کے قیام کی تجویز دیتے ہیں، جس میں تمام وفاقی اکائیوں کی مساوی نمائندگی ہو، وفاقی آئینی عدالت بنیادی حقوق، آئینی تشریح اور وفاقی و بین الصوبائی تنازعات سے متعلق تمام مسائل کو حل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تجویز ہے ججوں کی تقرری کا عمل، جو ججوں کے ذریعے اور ججوں کےلیے ہوتا ہے، ختم کیا جائے، ججوں کی تقرری عدالتی اور پارلیمانی کمیٹیوں کو ضم کر کے، ہم پارلیمنٹ، عدلیہ اور قانونی برادری کو مساوی کردار دینے کے قائل ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پییلزپارٹی نے اپنا مسودہ کچھ مہینے قبل حکومت کے ساتھ شیئر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنا مسودہ کچھ ہفتے قبل جے یو آئی کے ساتھ اور حال ہی میں خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں شیئر کیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ میں عوام کی جانب سے اس ترمیم کو مزید بہتر بنانے کے لیے جائز اور معنی خیز تجاویز کا خیرمقدم کرتا ہوں،پاکستان پیپلز پارٹی پہلے ہی اس اہم ترمیم پر سیاسی جماعتوں، بار ایسوسی ایشنوں اور سول سوسائٹی سے اپنی وسیع تر ملک گیر مشاورتی مہم کے سلسلے میں رابطے کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے کیلئے اس وقت پاکستان پیپلزپارٹی کے آئینی ترامیم سے متعلق اپوزیشن کی سیاسی جماعت جے یو آئی کے ساتھ مفید مذاکرات جاری ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے ایک مشترکہ مسودہ 26ویں آئینی ترمیم کو پاس کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے وسیع تر اتفاق رائے کی بنیاد بن سکتا ہے۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -