سابق برطانوی ٹیسٹ کرکٹر نے خودکشی کی، اہلخانہ نے افسوسناک انکشاف کردیا
لندن (ویب ڈیسک) برطانیہ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر گراہم تھارپ کے پسماندگان نے بتایا ہے کہ گزشتہ ہفتے اُن کی طبعی موت واقع نہیں ہوئی تھی بلکہ انہوں نے خود کشی کی تھی۔
آج نیوز کے مطابق 55 سالہ گراہم تھارپ کئی سال سے شدید ڈپریشن کا شکار تھے۔ گراہم تھارپ کی بیوہ امینڈا نے بتایا ہے کہ انہوں نے 2022 میں بھی اپنی جان لینے کی کوشش کی تھی۔ گراہم تھارپ کے پس ماندگان نے 5 اگست کو ان کی موت کا اعلان کیا تھا۔گراہم تھارپ نے 1993 میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ سے ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے ڈیبیو پر سینچری اسکور کی تھی جو بیس سال میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تھا۔ انہوں نے 100 ٹیسٹ میچ اور 82 ایک روزہ میچ کھیلے۔
امینڈا تھارپ نے بتایا کہ گراہم تھارپ کئی سال سے شدید بے چینی اور ڈپریشن کا شکار تھے۔ فیملی نے ان کا پورا خیال رکھا مگر وہ زندہ رہنے کی امنگ اپنے اندر پیدا نہ کر پائے۔2022 میں خود کشی کی کوشش کے بعد اہلِ خانہ نے ان کا پورا خیال رکھا، ان کا بھرپور ساتھ دیا اور نگرانی بھی کی۔1993 سے 2005 کے دوران انٹرنیشنل کریئر میں 9 ہزار سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے گراہم تھارپ کا خیال تھا کہ ان کی فیملی اس کے بغیر زیادہ سکون سے جی سکے گی۔
گراہم تھارپ کی دو بیٹیاں ہیں۔ مالی پریشانی بھی نہ تھی مگر اس کے باوجود گراہم تھارپ اپنے ڈپریشن پر قابو نہ پاسکے۔گراہم تھارپ کو مارچ 2022 میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تاہم ذہنی صحت کی خرابی کے باعث وہ اس حیثیت میں خدمات انجام نہ دے سکے۔
گراہم تھارپ نے 100 ٹیسٹ میچوں میں 44.7 کے اوسط سے 6744 رنز اسکور کیے۔ انہوں نے کئی مواقع پر انگلینڈ کے لیے فیصلہ کن اننگز کھیلیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف 2002 میں 200 رنز گراہم تھارپ کا بہترین اسکور تھا۔ انہوں نے 82 ایک روزہ میچوں میں 37.2 کے اوسط سے 2380 رنز اسکور کیے۔
گراہم تھارپ نے کراچی میں 64 رنز (ناٹ آؤٹ) اسکور کرکے انگلینڈ کو پاکستان میں 39 سال میں پہلی ٹیسٹ سیریز جتوائی تھی۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد گراہم تھارپ نے کوچنگ شروع کردی تھی۔