مغرب میں 13 تاریخ کو آنے والے جمعے کو نحوست کی علامت کیوں سمجھا جاتا ہے؟

مغرب میں 13 تاریخ کو آنے والے جمعے کو نحوست کی علامت کیوں سمجھا جاتا ہے؟
مغرب میں 13 تاریخ کو آنے والے جمعے کو نحوست کی علامت کیوں سمجھا جاتا ہے؟
سورس: Creative Commons: FMT

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلمانوں کے ہاں جمعہ کو مقدس ترین دن سمجھا جاتا ہے اور اسے سید الایام یعنی دنوں کا سردار قرار دیا گیا ہے لیکن مغرب میں جمعہ 13 تاریخ ایک ایسی تاریخ ہے جو توہم پرستی سے جڑی ہوئی ہے اور ایک قدیم نحوست کی وجہ سے بدقسمتی کے ساتھ منسلک ہے۔
ڈیلی سٹار کے مطابق جو لوگ توہم پرست ہیں، ان کے لیے کیلنڈر پر اس تاریخ کا نظر آنا بے چینی کا سبب بن سکتا ہے، کیونکہ وہ اس دن کو منحوس سمجھتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ اگر وہ اس دن اپنے گھر سے باہر نکلیں گے تو کوئی آفت یا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔ آج جمعہ 13 دسمبر کو یہ مبینہ طور پر منحوس دن آ پہنچا ہے۔
دنیا بھر میں اس دن کو بدقسمتی کے ساتھ جوڑا جاتا ہے، لیکن لوگ اکثر سوچتے ہیں کہ یہ مخصوص تاریخ سالوں سے اتنی بدنام کیوں ہے۔ یہ مغرب کی عوامی ثقافت میں سرایت کر چکا ہے، متعدد گانوں اور یہاں تک کہ ڈراؤنی فلموں میں بھی جمعہ 13 تاریخ کا کیلنڈر شامل ہے۔ لیکن آخر کیا وجہ ہے کہ یہ تاریخ خاص طور پر بدقسمت سمجھی جاتی ہے؟
جمعہ 13 تاریخ کے منحوس دن ہونے کے مختلف نظریات موجود ہیں، لیکن نمبر 13 کے خوف  کا تصور بہت پرانا اور معروف ہے۔ جمعہ 13 کے خوف کا اپنا مخصوص نام بھی ہے: paraskevidekatriaphobia یا Friggatriskaidekaphobia، جس میں 'Frigga' نارویجین دیوی کا نام ہے، جس کا مطلب 'جمعہ' ہے۔
یہ خوف خیال کیا جاتا ہے کہ بائبل کے زمانے سے وجود میں آیا۔ خاص طور پر، مقدس جمعرات کے موقع پر حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور ان کے 12 شاگردوں سمیت کل 13 افراد نے آخری کھانے میں شرکت کی تھی۔ اس کے نتیجے میں نمبر 13 کو یہوداہ اسکریوتی سے منسلک کیا گیا، جو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو دھوکہ دینے والا شاگرد تھا۔
جمعہ 13 تاریخ کو بدقسمتی کے دن کے طور پر دیکھنے کا ایک نظریہ قرون وسطیٰ کے دوران نائٹس ٹیمپلر کی تباہی سے جڑا ہوا ہے۔ 13 اکتوبر 1307 کو فرانسیسی بادشاہ فلپ چہارم نے جمعہ کے دن سینکڑوں نائٹس ٹیمپلرز کو گرفتار کر لیا تھا۔
یہ خیال کیا جاتا ہے کہ نائٹس ٹیمپلر کو پوپ کلیمنٹ پنجم کے حکم پر گرفتار کیا گیا تھا، جنہوں نے ان پر مالیاتی اور اخلاقی کرپشن کے الزامات عائد کیے، حالانکہ ان الزامات کے ٹھوس شواہد موجود نہیں تھے۔ یہ الزامات مبینہ طور پر تشدد کے ذریعے حاصل کیے گئے اعترافات پر مبنی تھے۔ کہا جاتا ہے کہ جب پیرس میں جلائے جانے سے قبل آرڈر کے گرینڈ ماسٹر جیک دی مولے کو سزائے موت دی گئی، تو انہوں نے ان لوگوں پر لعنت بھیجی جنہوں نے نائٹس ٹیمپلرز کو اذیت دی۔ کچھ لوگ یقین رکھتے ہیں کہ یہ لعنت ہر جمعہ 13 تاریخ کو بدقسمتی کے ساتھ منسلک کرتی ہے۔
جمعہ 13 تاریخ کے علاوہ دیگر ثقافتوں میں مختلف دنوں کا خوف  پایا جاتا ہے اور ان دنوں کو منحوس سمجھا جاتا ہے۔ اٹلی میں جمعہ 17 تاریخ کو نحوست کی علامت سمجھا جاتا ہے، جبکہ ہسپانوی ثقافت میں منگل 13 تاریخ کو بھی ایسا ہی سمجھا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام میں کسی دن، کسی مہینے، کسی سال یا کسی چیز کی نحوست کا کوئی تصور ہی نہیں ہے۔ صحیح بخاری کی ایک حدیث ہے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا " مرض کا اللہ کے حکم کے بغیر دوسرے کو لگنا، بدشگونی، مخصوص پرندے کی بدشگونی اور صفر کی نحوست؛ یہ ساری باتیں بے بنیاد ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں۔"

مزید :

ڈیلی بائیٹس -