دبئی کے حکمران شیخ محمد کے پوتے نے برطانیہ میں بڑی کامیابی حاصل کرلی
دبئی/لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) اماراتی شاہی خاندان کے ایک اور فرد نے برطانیہ کی مشہور رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ سے شاندار کامیابی کے ساتھ گریجویشن مکمل کرلی ۔ اس بار یہ کارنامہ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کے پوتے، محمد بن راشد بن محمد بن راشد المکتوم نے سرانجام دیا ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق شیخ محمد کے پوتے کو اکیڈمی کے کمیشننگ کورس 241 کے بہترین کیڈٹ ہونے پر "سورڈ آف آنر" سے نوازا گیا۔ کمیشننگ کورس 241 میں بین الاقوامی افسر کیڈٹس کا ایک متنوع گروپ شامل تھا۔ یہ "سورڈ آف آنر" کویت کی جانب سے شیخ علی الصباح کی یاد میں پیش کی جاتی ہے، جو محمد بن راشد بن محمد کی فوجی سفر میں ایک اہم سنگ میل کی علامت ہے ۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم جو کہ یو اے ای کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران ہیں، نے اپنے پوتے کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ دبئی کے ولی عہد، نائب وزیر اعظم، وزیر دفاع، اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے بھی اپنے بھتیجے کی غیرمعمولی کامیابی پر فخر کا اظہار کیا۔