بشار الاسد کی اہلیہ کینسر میں مبتلا، حالت تشویشناک، 50 فیصد زندہ رہنے کے امکانات

بشار الاسد کی اہلیہ کینسر میں مبتلا، حالت تشویشناک، 50 فیصد زندہ رہنے کے ...
بشار الاسد کی اہلیہ کینسر میں مبتلا، حالت تشویشناک، 50 فیصد زندہ رہنے کے امکانات
سورس: File: X

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ماسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن) شام کے معزول صدر بشار الاسد کی اہلیہ اسماء الاسد شدید بیماری میں مبتلا ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں مکمل طور پر تنہائی میں رکھا ہے تاکہ انفیکشن کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔ رپورٹ کے مطابق اسماء کی حالت اتنی تشویشناک ہے کہ ان کے زندہ رہنے کے امکانات 50 فیصد بتائے جا رہے ہیں۔

برطانوی اخبار دی ٹیلیگراف کی رپورٹ کے مطابق، اسماء الاسد کو ایکیوٹ مائیلوئڈ لیوکیمیا (خون اور ہڈیوں کے گودے کا شدید کینسر) کی تشخیص ہوئی تھی جس کا علاج جاری تھا۔ تاہم  کینسر کی دوبارہ واپسی کی اطلاعات ہیں  اور انہیں ماسکو میں مکمل تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ اسماء الاسد کو پہلے بھی بریسٹ کینسر ہو چکا ہے۔ اگست 2019 میں شامی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایک سال کے علاج کے بعد کینسر سے مکمل صحتیاب ہو چکی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق  ان کے والد فواز اخراس جو ماسکو میں ان کے ساتھ ہیں، اپنی بیٹی کی حالت پر "دل شکستہ" ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اسماء زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ ایک ذریعے نے بتایا "جب لیوکیمیا دوبارہ آتا ہے  تو یہ انتہائی جارحانہ ہو جاتا ہے۔ پچھلے چند ہفتوں سے ان کی حالت 50/50 ہے۔" یہ معاملہ اس وقت دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے  اور اسماء الاسد کی صحت کے حوالے سے مزید اپ ڈیٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل ترک اور عرب  میڈیا میں یہ افواہیں بھی گردش کر رہی تھیں کہ اسماء الاسد نے روس میں طلاق کے لیے درخواست دی ہے اور وہ روس چھوڑنا چاہتی ہیں۔ تاہم کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ بشار الاسد کو ماسکو میں نظر بند کرنے اور ان کے اثاثے منجمد کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔