عالمی حلقہء فکروفن کی جانب سے شامِ دسمبر،شعراء نے ماحول گرما دیا
ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں ادبی تنظیم عالمی حلقہء فکروفن کی جانب سے شامِ دسمبر کے عنوان سے ادبی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں شعراء کرام نے جہاں اپنے اشعار سنا کر شرکاء سے داد سمیٹی، وہیں مقررین نے شامِ دسمبر اور نئے سال کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی حلقہء فکروفن کے چیئرمین ڈاکٹر ریاض چوہدری کی صدارت میں منعقدہ ادبی نشست میں نامور شاعر طیب رضا کاظمی، وائس چیئرمین عالمی حلقہ فکروفن عدنان اقبال بٹ اور سنئیر صحافی الیاس رحیم مہمانان اعزازی تھے ان کے علاوہ تنظیم کے دیگر عہدیدار اور اراکین بھی شریک تھے جبکہ پاکستانی کمیونٹی کی مختلف شخصیات بھی شریک تھیں۔
شامِ دسمبر، ادبی نشست کی نظامت کے فرائض نوجوان شاعر اور تنظیم کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری کامران حسانی نے ادا کیے اور انہوں نے اپنا شعری کلام سنا کر بھی خوب داد سمیٹی ان کے علاوہ طیب رضا کاظمی، ضواق علی ذکی، سجاد علی چوہدری، قلبِ عباس اور ڈاکٹر ریاض چوہدری نے شاندار انداز سے اپنا شعری کلام سنایا اور شرکاء سے داد سمیٹی۔
اس موقعہ ڈاکٹر ریاض چوہدری، عدنان اقبال بٹ، مخدوم امین تاجر، ڈاکٹر محمود باجوہ اور دیگر کا کہنا تھا کہ عالمی حلقہ فکروفن گزشتہ 43 برس سے ادب کی ترویج کے لیے کوشاں ہے جس کے تحت سعودی عرب میں ادب نواز اور ادب شناس افراد کے لیے مختلف مشاعروں اور ادبی نشستوں کا اہتمام کیا جاتا ہے ان کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
تقریب کے آخر میں پہچانِ پاکستان نیوز گروپ کے چیف ایڈیٹر ذکیر احمد بھٹی کی جانب سے اراکینِ حلقہء فکروفن کو اعزازی اسناد پیش کی گئیں، جبکہ عالمی حلقہء فکروفن کے چیئرمین ڈاکٹر ریاض چوہدری کی جانب سے سنئیر صحافی ذکاءاللہ محسن کو صحافتی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔