ملک میں جمہوری فضا نہیں، لوگ حکومت سے بیزار ہو چکے ہیں، فضل الرحمان
لورالائی (ڈیلی پاکستان آن لائن)جمعیت علما اسلام اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ ملک میں جمہوری فضا نہیں ہے اور ہم آئین کی بالادستی چاہتے ہیں،لوگ حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں،لوگوں کا یہ سمندر ایک معنی رکھتا ہے ، آج فیصلہ کن وقت آگیا ہے ،عمران خان کو تو جانا ہی ہوگا۔
پی ڈی ایم جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ملک میں صرف بالادستی عوام کی ہوگی، آج پی ٹی آئی پارٹی کا بانی رکن الیکشن کمیشن میں جا جا کر تھک گیا ہے، وہ کہتاہے یہ پیسے کہاں سے آئے، الیکشن کمیشن حساب تو لے،آپ نوازشریف اور آصف زرداری کو چورکہتے ہیں ،آپ کو فنڈز کہاں سے ملا؟۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ افغانستان ہمارا ساتھ دینے کیلئے تیار نہیں، چین پاکستان سے ناراض ہے،آج ہماری مدد کرنے والا کوئی نہیں، پڑوسی ملک ہمارا ساتھ نہیں دے رہا،پورے خطے میں ایک پاکستان ہے جس کی معیشت ڈوب رہی ہے، عمران خان نے ملک کی معیشت کاکباڑہ کردیا ۔انہوں نے کہاکہ غریب آدمی کی قوت خرید جواب دے چکی ہے،آج ہماری مائیں بچوں کوبازار میں فروخت کررہی ہیں،آج مائیں غربت کے باعث اپنے بچے نہروں میں پھینک رہی ہیں۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہاکہ عمران خان نے کہا مودی حکومت میں آیا تو تعلقات بہتر ہوجائیں گے،مودی حکومت میں آیا تو مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کردیا،ہم نے گلگت بلتستان کو بھی کشمیر سے الگ کردیا،انہوں نے کہاکہ قبائلی اضلاع میں پشتونوں کی آبادی ایک کروڑ کے قریب ہے ،قبائلی اضلاع کو الگ صوبہ کیوں نہیں بنایا جارہا۔
مولانافضل الرحمان نے کہاکہ پہلے کہتاتھا کہ ملک میں ریاست مدینہ کا نظام لاو¿ں گا،کہتا ہے چین جیسا نظام ہوناچاہیے،پھرکہتاہے کہ ایران جیسا نظام ہوناچاہیے،پھر کہتا ہے کہ امریکا جیسا نظام ہونا چاہیے،اب ایک چیزرہ گئی ہے کہ اب اسرائیل جیسی حکومت کی فرمائش کرے۔