’وزیر اعظم سے درخواست ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا کے بعد اب روایتی صحافیوں کو بھی بلالیں‘

’وزیر اعظم سے درخواست ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا کے بعد اب روایتی صحافیوں کو بھی ...
’وزیر اعظم سے درخواست ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا کے بعد اب روایتی صحافیوں کو بھی بلالیں‘
سورس: Screen Grab

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈیجیٹل میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافی ذیشان عزیز نے وزیر اعظم سے درخواست کی ہے کہ وہ ڈیجیٹل میڈیا کے بعد روایتی میڈیا کے صحافیوں کو بھی بلالیں تاکہ آپ کے ساتھ تصویر کھنچوانے کے بعد یہ بھی لوگوں کو یہ کہہ سکیں کہ یہ بڑے صحافی ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں ڈیجیٹیل میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں اور یوٹیوبرز سے ملاقات کی جس میں سوال و جواب کا ایک طویل سلسلہ ہوا۔ اس کے بعد سے ہی مین سٹریم میڈیا کی جانب سے وزیر اعظم کی ٹیم اور ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

مین سٹریم میڈیا کے صحافیوں کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں ذیشان عزیز نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں اور یوٹیوبرز کی وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد تنقید کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور اس میں مین سٹریم میڈیا کے صحافی اخلاقی پستیوں میں گرگئے ہیں۔ ایک صحافی نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ میڈیا ’واچ ڈاگ‘ ہوتا ہے لیکن عمران خان نے اپنے سامنے ’لیپ ڈاگز‘ بٹھائے ہوئے تھے۔

ذیشان عزیز کے مطابق ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں کی وزیر اعظم سے مارچ میں ملاقات ہوئی تو بھی بڑے بڑے صحافیوں کو تکلیف ہوئی حالانکہ بڑے سے بڑے صحافی خود ڈیجیٹل میڈیا پر آئے ہوئے ہیں اور اپنے یوٹیوب چینلز بنا رکھے ہیں،بات صرف اتنی ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا والوں کو بلایا گیا لیکن انہیں نہیں بلایا گیا، ان کی خان صاحب کے ساتھ کوئی تصویر یا ویڈیو نہیں آئی جس سے یہ خود کو بڑا صحافی ثابت کرسکیں۔

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور ان کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد سے کہا کہ انہوں نے ’لیپ ڈاگز‘ کو تو بلالیا ہے اب وہ ’سٹریٹ ڈاگز‘ کو بھی بلائیں کیونکہ یہ تب تک چپ نہیں کریں گے جب تک آپ انہیں نہیں بلائیں گے، انہیں سمجھ ہی نہیں آرہا کہ کیا الفاظ استعمال کرنے چاہئیں ؟ یہ سمجھتے ہیں کہ اگر جوان خون آگے آگیا تو ہم کہاں جائیں گے؟۔

ذیشان عزیز کے مطابق مین سٹریم میڈیا کو ڈیجیٹل میڈیا سے اس لیے بھی مسئلہ ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا بلیک میلر نہیں ہے، یہاں غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح کہا جا رہا ہے، مین سٹریم میڈیا میں آپ قیمت طے کریں اور ٹی وی سکرین پر کچھ بھی بلوالیں لیکن ڈیجیٹل میڈیا پر ایسا کچھ نہیں ہوتا۔