خیبرپختونخوا کا 1332 ارب روپے کا بجٹ پیش کر دیا گیا
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) خیبرپختونخوا کا 1332 ارب کا بجٹ پیش کر دیا گیا، حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 16 فیصد اضافہ کر دیا ، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں بھی 15 فیصد اضافہ کیا گیا۔
وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے بجٹ پیش کیا، صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ آئندہ مالی سال کیلئے صوبے کا بجٹ ایک ہزار 332 ارب روپے رکھا گیا ہے، بندوبستی اضلاع کے اخراجات کا تخمینہ 1109 ارب روپے لگایا ہے جبکہ ضم اضلاع کے اخراجات 223 ارب ہوں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ کبھی دہشتگردی کا شکار رہنے والا خیبرپختونخوا اب سرمایہ کاری کا مرکز بن چکا ہے ، یہ ہے وہ ترقی کا سفر جو پی ٹی آئی کی حکومت میں خیبرپختونخوا نے طے کیا،دہشتگردی کیخلاف جنگ کی مد میں 68 ارب 60 کروڑ ملیں گے، وفاق کی ٹیکس محصولات کا تخمینہ 570 ارب 90 کروڑ لگایا گیا ہے جبکہ وفاق سے آئل اور گیس رائلٹی کی مد میں 31 ارب روپے ملیں گے، قبائلی اضلاع کے لیے 208 ارب روپے کی گرانٹس ملنے کی توقع ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کی مد میں 68 ارب 60 کروڑ روپے ملیں گے جبکہ صوبائی ٹیکسوں کی مد میں 85 ارب روپے وصول ہوں گے، اس کے علاوہ 93 ارب روپے کی غیر ملکی امداد بھی بجٹ میں شامل ہے، دیگر محاصل کا تخمینہ 212 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ سرکاری ملازمین کیلئے 15 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس بجٹ میں شامل ہے اور ایڈہاک ریلیف الاؤنس ڈی آر اے کے علاوہ ہے ، پولیس شہداء کا پیکیج بڑھا دیا گیا ہے ، گریڈ 6 سے 16 پولیس کے شہداء پیکیج کو بڑھا دیا گیا ہے جبکہ گریڈ 7 سے 16 تک کے اہلکاروں کے رسک الاؤنس میں ڈی آر اے کے برابر اضافہ کیا گیا ہے ۔