جب رسول اللہ ﷺ اور ابوبکر و عمر رضی اللہ عنہما بھوک کی وجہ سے گھر سے نکلے

جب رسول اللہ ﷺ اور ابوبکر و عمر رضی اللہ عنہما بھوک کی وجہ سے گھر سے نکلے
جب رسول اللہ ﷺ اور ابوبکر و عمر رضی اللہ عنہما بھوک کی وجہ سے گھر سے نکلے
سورس: Pexels

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ  کہ رسول اللہ ﷺ ایک دفعہ رات یا دن کو باہر نکلے اور آپ ﷺ نے سیدنا ابوبکر اور عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما کو دیکھا تو پوچھا کہ ’’تمہیں اس وقت کون سی چیز گھر سے نکال لائی ہے؟‘‘ انہوں نے کہا کہ یا رسول اللہﷺ! بھوک کے مارے۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ قسم اس کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! میں بھی اسی وجہ سے نکلا ہوں، چلو۔ پھر وہ آپ ﷺ کے ساتھ چلے۔

 آپ ﷺ ایک انصاری کے دروازے پر آئے، وہ اپنے گھر میں نہیں تھا۔ اس کی عورت نے آپ ﷺ کو دیکھا تو اس نے خوش آمدید کہا۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ فلاں شخص (اس کے خاوند کے متعلق فرمایا) کہاں گیا ہے؟ وہ بولی کہ ہمارے لئے میٹھا پانی لینے گیا ہے ۔ 

 اتنے میں وہ انصاری مرد آ گیا تو اس نے رسول اللہ ﷺ اور آپ ﷺ کے دونوں ساتھیوں کو دیکھا تو کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ آج کے دن کسی کے پاس ایسے مہمان نہیں ہیں جیسے میرے پاس ہیں۔ پھر گیا اور کھجور کا ایک خوشہ لے کر آیا جس میں گدر، سوکھی اور تازہ کھجوریں تھیں اور کہنے لگا کہ اس میں سے کھائیے۔ پھر اس نے چھری لی تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ ’’دودھ والی بکری مت کاٹنا۔‘‘ اس نے ایک بکری کاٹی اور سب نے اس کا گوشت کھایا اور کھجور بھی کھائی اور پانی پیا۔

 جب کھانے پینے سے سیر ہوئے تو رسول اللہ ﷺ نے سیدنا ابوبکر اور عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے فرمایا کہ ’’قسم اس کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! قیامت کے دن تم سے اس نعمت کے بارے میں سوال ہو گا کہ تم اپنے گھروں سے بھوک کے مارے نکلے اور نہیں لوٹے یہاں تک کہ تمہیں یہ نعمت ملی۔‘‘ 

مزید :

روشن کرنیں -