چمپاکا رمنائیکے دوبارہ سری لنکن ٹیم کے فاسٹ باؤلنگ کوچ مقرر

چمپاکا رمنائیکے دوبارہ سری لنکن ٹیم کے فاسٹ باؤلنگ کوچ مقرر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کولمبو ( نیٹ نیوز) سری لنکا نے چمپاکا رمنائیکے کو دوبارہ ٹیم کا فاسٹ باؤلنگ کوچ مقرر کر دیا۔ انہیں چمندا واس کی جگہ یہ ذمہ داری دی گئی ہے، چمندا واس کا بورڈ کے ساتھ معاہدہ اپریل کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہو گیا تھا۔ چمپاکا یکم جون سے اپنی نئی ذمہ داری کا آغاز کریں گے۔ سری لنکا کرکٹ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ہم چمپاکا کے ساتھ طویل مدتی معاہدہ کرنا چاہتے تھے لیکن فیملی وجوہات کی بناء پر چمپاکا غیرملکی دوروں میں ٹیم کے ہمراہ نہیں جا سکتے اسلئے وہ صرف پاکستان، بھارت اور ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول ہوم سیریز میں ہی فاسٹ باؤلنگ کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔ چمپاکا اس سے قبل 2012ء میں بھی سری لنکن ٹیم کے فاسٹ باؤلنگ کوچ رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں بنگلہ دیشی ٹیم کی بھی کوچنگ کا اعزاز حاصل ہے۔ چمپاکا کو 18 ٹیسٹ اور 62 ون ڈے میچز میں سری لنکن ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز بھی حاصل ہے انہوں نے دوبارہ تقرری پر کہا کہ مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ مجھ پر دوبارہ اعتماد کیا گیا ہے اور میں اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا جس طرح میں نے ماضی میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور اپنی خدمات سر انجام دینے کی کوشش کی اور اسی وجہ سے دوبارہ مجھے بھی اس عہدے کے لئے منتخب کیا گیا اور اب میں دوبارہ اسی طرح محنت سے کھلاڑیوں کو تیار کرنے کی کوشش کروں گا اور ضرور کامیابی ملے گی۔