کورونا وائرس‘ یونیسیف واش پروگرام کے مینیجر کا سکولز کا دورہ
پشاور(سٹی رپورٹر) یونیسف کے تعاون سے کوہاٹ شہر کے سکولوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے جاری آگاہی مہم کی مانیٹرنگ کے لئے یونیسف واش پروگرام کے مینیجر محمد شعیب نے کوہاٹ کا دورہ کیا۔ ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ کی مینیجر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن عاصمہ علی اور سوشل موبلائزرز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انھوں نے مختلف سکولوں اور بازاروں کا دورہ کیا اور وہاں یو نیسف کے تعاون سے ہاتھ دھونے کے لئے لگائے گئے ہینڈ واشنگ سٹینشنز کا معائنہ کیا اور لوگوں سے بھی ملاقات کی۔یو نیسف واش پروگرام کے مینیجر محمد شعیب نے مختلف سکولوں کے وزٹ کے دوران بچوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے احتیاطی تدابیر کے بارے میں سوالات پوچھے جن کے صحیح جوابات سن کر انھوں نے بچوں، سکول انتظامیہ اور سوشل موبلائزرز کی کاوشوں کو خوب سراہا کہ انھوں نے بہت اچھے طریقے سے بچوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر سمجھائے ہیں جن پر بچے عمل بھی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو اگر چھوٹی عمر سے ہی جسمانی اور ماحول کی صفائی کے بارے میں تر بیت دی جائے تو آگے جاکر وہ بہت سی مہلک بیماریوں جیسے کورونا وائرس سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔