پاکستان ایس سی او اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار،انتظامات مکمل، وفود پہنچ گئے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 23 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے مختلف ممالک کے وفود کا اسلام آباد آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ روس، چین اور بھارت سمیت دیگر ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود اسلام آباد میں موجود ہیں۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی میزبانی کے حوالے سے اسلام آباد میں بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں۔ مختلف شاہرائیں رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھی ہیں جبکہ غیرملکی وفود کی سکیورٹی کے لیے اسلام آباد میں فُل پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
وفاقی حکومت نے سکیورٹی انتظامات کو موثر بنانے کے لیے اسلام آباد میں 15 تا 17 اکتوبر تک تین روزہ تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ اجلاس کے موقع پر شہر میں مختلف شاہراہوں کو بھی عام ٹریفک کے لیے بند رکھا جائے گا۔
23 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد میں غیرملکی وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک پڑوسی ملک بھارت ، چین اور روس کے وفود اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ کرغزستان اور ایران کے وفود بھی اتوار کو اسلام آباد پہنچے ہیں۔