’عمران خان کی دستخط شدہ قمیض جب میں نے فروخت کرنی چاہی تو علی امین گنڈا پور نے کہاکہ شلوار کی قیمت دیتے ہیں، شلوار اتارو‘ ابوبکر نے تہلکہ خیز دعویٰ کردیا
ایبٹ آباد (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان سے ان کی دعوت پر بنی گالہ میں ملاقات کرنے اور انگوٹھی پہنانے والے ننھے فین ابوبکر نے تحریک انصاف اور پارٹی رہنما علی امین گنڈا پور کے بارے میں شرمناک دعویٰ کردیا۔
ابوبکر خان پی ٹی آئی کے نام سے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر موجود ویریفائیڈ اکائونٹ سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’میرے پاس عمران خان کی دستخط شدہ قمیض تھی جس پر آن لائن لاکھوں اور کروڑوں کی بولیاں لگی۔ لیکن جب میں نے وہ قمیض کسی کو فروخت کرنا چاہی تو علی آمین گنڈاپور نے مجھے کہا شلوار کی قیمت دیتے ہیں شلوار اتارو۔ اس دن میں مر گیا تھا جب میں نے یہ الفاظ سنے۔ اس دن میں نے اس جماعت سے راہیں جدا کی تھی,تحریک انصاف سے ایسے باتوں کی توقع نہ کریں‘۔
مزید یہ بھی لکھا گیا کہ ’احمد فرہاد ، ایسے ٹوئیٹ کرنے سے پہلے مجھ سے پوچھ لیں‘۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ابوبکر کے اس الزام کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی اور نہ ہی کسی ذمہ دار کا کوئی اس سلسلے میں بیان سامنے آنے کی کوئی اطلاع ہے۔
وہ دراصل احمد فرہاد کو اس ٹوئیٹ کا جواب دے رہے تھے جس میں احمد فرہاد نے لکھا کہ ’ یحیی خان لورالائی سے ہیں۔چند دن پہلے انہوں نے ملاقات کے لیے رابطہ کیا جہاں انہوں نے چائنہ مٹی سے بنایا گیا عمران خان کا ایک انتہائی خوبصورت اور نادر پورٹریٹ مجھے دکھایا۔یحیی خان فزکس میں ماسٹرز ہیں، فلسفے، ادب اور سیاسیات کے رسیا ہیں۔ایک کیڈٹ کالج میں بچوں کو پڑھاتے تھے جہاں سے ان کے مطابق عمران خان سے محبت اور سیاسی نظریات پر انہیں نکال دیا گیا۔اس وقت اسلام آباد میں اور بے روزگار ہیں،اگر کوئی دوست یہ بیش قیمت نادر اور نایاب پورٹریٹ خرید کر ان کی حوصلہ افزائی کرنا چاہے تو یہ عمل ان کے لیے کئی آسانیاں پیدا کر سکتا ہے‘۔
یادرہے کہ مئی 2022ءمیں سابق وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے علاقے ایبٹ آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے دوران رونے والے بچے کو ملاقات کے لیے اپنے گھر بنی گالہ بلا یا تھا، وہ عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر جلسہ گاہ میں روتا رہا تھا۔
عمران خان نے ویڈیو دیکھ کر ابوبکر کو ملاقات کے لیے اپنے گھر بنی گالہ بلایا جہاں ابوبکر عمران خان سے مل کر جذباتی ہوگیا اور ایک بار پھر رو پڑا۔سابق وزیر اعظم نے بچے کے سر پر ہاتھ رکھا اور کہا ہ رونے کی کیا بات ہے؟ عمران خان نے گلے لگایا کہا کہ تمہیں ابھی بڑے کام کرنے ہیں، ابوبکر عمران خان کے لیے انگوٹھی کا تحفہ بھی لایا تھا جو عمران خان نے پہن لی اور تصاویر بھی بنوائیں۔ عمران خان نے اس فین کی فرمائش پر قمیض پر آٹو گراف بھی دیا تھا۔