علی امین گنڈاپور خارجی معاملات پر گنڈاسا استعمال نہیں کر سکتے، معاملہ سینیٹ میں لائیں گے :سینیٹر عرفان صدیقی
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) مسلم لیگ( ن) کے رہنما و سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور ملک کے سلامتی اور خارجی معاملات پر اپنا گنڈاسا استعمال نہیں کر سکتے۔ہم اس معاملےکو سینیٹ میں لے کر آئیں گے ۔
عرفان صدیقی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے بارے میں اپنے طور پر گنڈا پور بیان دے رہے ہیں، یہ امورِ خارجہ لے کر بیٹھ گئے، یہ خوفناک روایت ڈالنے جا رہے ہیں۔ افغانستان کے ساتھ جو بھی پالیسی طے کرنی ہے وہ وفاق کو کرنی ہے، ہرصوبے کی کسی نہ کسی ملک سے سرحد ملتی ہے، کیا ہر علاقہ اپنی اپنی خارجہ پالیسی بنائے گا؟
"جنگ " کے مطابق اُنہوں نے کہا کہ گنڈاپور بےشک ہر معاملے پر اپنا گنڈاسا استعمال کریں لیکن سلامتی و خارجی معاملات پر نہیں، کیا پنجاب اور سندھ بھارت کے ساتھ معاملات کر سکتے ہیں؟ کیا امریکہ کی ہر ریاست کی اپنی خارجہ پالیسی ہوتی ہے؟
(ن) لیگ کے رہنما نے کہا کہ ہم اس معاملےکو سینیٹ میں لے کر آئیں گے بلکہ ہر سطح پر اس کی مزاحمت کریں گے۔ اس پر بحث کریں گے کہ یہ آئین کی خلاف ورزی ہے، آپ پاکستان کی سلامتی، دفاع و خارجہ پالیسی کو نشانہ بنائیں گے تو اس کا سختی سے نوٹس لیا جائے گا۔
سینیٹر عرفان صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد کے جلسے میں جو تقریریں ہوئیں ان پر غور کرنا چاہیے کہ یہ لوگ قوم کی خواتین کےبارے میں کیا رائے رکھتے ہیں؟انہوں نے آئی ایم ایف کے فنڈز روکنے کی کوشش کی، سائفر کو مذاق بنایا، اب یہ خارجہ پالیسی کو مذاق بنا رہے ہیں، پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھا۔