لیجنڈ اداکار لہری کو مداحوں سے بچھڑے 12برس بیت گئے
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کے لیجنڈ اداکار سفیر اللہ عرف لہری کو شائقین سے بچھڑے 12 برس بیت گئے۔
پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار اور کامیڈین لہری کا اصل نام سفیر اللہ تھا، انہوں نے 200 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، لہری نے اپنے منفرد مزاحیہ انداز سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیری اور خوب داد پائی۔
انہوں نے 1955 میں فلم انوکھی سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور پھر پیچھے مُڑ کر نہ دیکھا، 1960ء کی دیہائی میں لہری نے ایک کے بعد ایک سپرہٹ فلمز دیں، ایک وقت وہ بھی آیا جب ان کا نام فلموں کی کامیابی کی ضمانت کا سمجھا جانے لگا۔
بیداری، عندلیب، کنیز، آگ کا دریا، دیور بھابھی، دل لگی ،دل میرا دھڑکن تیری انجان، پھول میرے گلشن کا، بالم، جلتے سورج کے نیچے، بہن بھائی، روڈ ٹو سوات، انسان بدلتا ہے، جوکر اوردیگر بے شمار ایسی فلمز ہیں جن میں لہری اپنے فن کے عروج پر نظر آئے۔
انہوں نے اپنے فن کے اظہار کے لئے سنجیدہ انداز میں مزاح کو موضوع بنایا، لہری پاکستان فلم انڈسٹری کے واحد مزاحیہ اداکار تھے جنہیں 12 مرتبہ نگار ایوارڈ سے نوازا گیا۔
مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے لہری 13 ستمبر 2012 کو 83 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، ان کی بے مثال اداکاری نے ناظرین کے ذہنوں پر انمٹ نقوش چھوڑے۔