چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ کسی ایک فرد کا نہیں ہوسکتا، بلاول بھٹو کا بیان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ کسی ایک فرد کا نہیں ہوسکتا۔جیو نیوز کے مطابق بلاول بھٹو نے کہا کہ ججز سے متعلق ترمیم جیسے معاملے پر اتفاق رائے کسی بھی پارلیمنٹ کے لیے چیلنج ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ کسی ایک فرد کا نہیں ہوسکتا، ایک بڑا فورم بنا ہے وہاں یہ فیصلہ کیا جاسکتاہے، اس پر پیپلزپارٹی کا مؤقف پارٹی کے منشور کے مطابق ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عدلیہ میں تعیناتی کا جوعمل ہے وہ آف دی جوڈیشری، فار دی جوڈیشری، بائی دی جوڈیشری ہے، میں اس میں یک طرفہ کوئی تبدیلی نہیں لانا چاہوں گے، میں سمجھتا ہوں اس عمل میں تبدیلی لانا بہت ضروری ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھا کہ جو بھی فیصلے ہوں گےان کو جتنے اتفاق رائے سے کرسکتے ہیں اتنی ہی اس کو طاقت ملےگی۔