عید میلاد النبیﷺ اور امن و امان کے حوالے سےپنجاب کابینہ کمیٹی کا اہم اجلاس
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر صحت و چیرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر، معاون خصوصی ذیشان ملک اور راولپنڈی ڈویژن سے اراکینِ اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں شمالی پنجاب میں مجموعی امن و امان اور عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امن و امان کی صورتحال اور حکومتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیئرمین کابینہ کمیٹی و وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مکمل مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا اور حکومت پنجاب صوبہ بھر میں شرکاء کو عیدِ میلاد کی مناسبت سے مشروب اور مٹھائیاں پیش کرے گی۔ عیدِ میلاد کے پرامن انعقاد کیلئے تمام اضلاع میں امن کمیٹیوں اور منتظمین کی مشاورت سے سیکیورٹی و دیگر انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ عید میلاد کے پرامن انعقاد کیلئے کسی نئی انوویشن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صوبے بھر میں تمام مرکزی جلوسوں کے روٹس اور محافل میلاد کیلئے بہترین سیکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔
کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک، آر پی او بابر سرفراز الپا اور سی پی او سید خالد ہمدانی نے راولپنڈی ڈویژن میں کیے گئے تمام انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ راولپنڈی ڈویژن سے تمام ڈی سیز اور ڈی پی اوز نے بھی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے جلوس کے راستوں سے ملحقہ متبادل روٹس بنائے گئے ہیں اور ضروری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔