12اگست کو قوم نے فیصلہ دیدیا ،باقی اداروں کو بھی سوچنا چاہیے ، مشاہد اللہ خان

12اگست کو قوم نے فیصلہ دیدیا ،باقی اداروں کو بھی سوچنا چاہیے ، مشاہد اللہ خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(این این آئی)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ 12اگست کو قوم نے اپنا فیصلہ دیدیا ہے اب باقی اداروں کو بھی سوچنا چاہیے ، عالمی قوتوں کیلئے جمہوری اور ترقی کرتا پاکستان میں ایک جرم ہے ، محمد نواز شریف آئندہ چند دنوں میں اپنا لائحہ عمل تیارکرلیں گے،ادارے نہیں بلکہ ان میں موجود انفرادی طو رپر کچھ کالی بھیڑیں عالمی سازش کو تقویت پہنچاتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق گل مرحوم کی ہمشیرہ سے ان کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے میڈیا کوارڈی نیٹر محمد مہدی اور میاں عبید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ طارق گل پارٹی کا اثاثہ تھے اور ان کی پارٹی اور جمہوریت کیلئے جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ میڈیا سے گفتگو میں مشاہد اللہ خان نے کہا کہ میں نے ذوالفقا رعلی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے جلسے بھی دیکھے ہیں ،اسلام آباد سے لاہور تک 100گھنٹے نواز شریف کے ساتھ رہا ہوں اورلاہور میں جو اجتماع تھا میں نے اس طرح کا منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا ۔ قوم نے اپنا فیصلہ دیدیا ہے اب باقی اداروں کو بھی سوچنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے چار سالوں میں ملک و قوم کی ترقی کے لئے جو اقدامات اٹھائے ہیں اس کی گزشتہ کئی دہائیوں میں مثال نہیں ملتی۔ 2013ء میں توانائی کا بحران عروج پر تھا لیکن نواز شریف کی قیادت میں اس بحران پر قابو پایا یا گیا، ہزاروں میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو ئی جبکہ ہزاروں میگا واٹ توانائی کے کئی منصوبے زیر تکمیل ہیں۔

مزید :

علاقائی -