ساہیوال تعلیمی بورڈ کے ملازمین کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کی منظوری
ساہیوال(بیورو رپورٹ/ڈسٹر کٹ رپورٹر) کمشنر ساہیوال/چیئرپرسن ساہیوال بورڈ سلوت سعید نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات قلیل عرصے میں شفافیت سے مکمل کرنے پر بورڈ کے تمام ملازمین کو ایک بنیادی تنخواہ اعزازیہ دینے کی منظوری دے دی۔ انہوں نے کہا کہ محنتی اور فرض شناس ملازمین کسی بھی ادارے کی پرفارمنس کیلئے بنیادی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں جن کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے یہ منظوری ساہیوال بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کے 45ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی جس میں کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت، سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر رابعہ اختر، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی، چیئرمین شعبہ لاء یونیورسٹی آف ساہیوال ڈاکٹر امتیاز احمد خاں اور پرنسپل گورنمنٹ کالج پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد سمیت بورڈ ممبران نے شرکت کی۔ بورڈ ملازمین کو اعزازیہ دینے کی تجویز کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت نے پیش کی جنہوں نے بتایا کہ بورڈ میں ملازمین کی شدید کمی کے باعث کام کا بے پناہ دباؤ ہے۔ دوسرے بورڈز میں ایک ملازم 25سو ایڈمشن فارمز جبکہ ساہیوال بورڈ کا ملازم 8ہزار ایڈمیشن فارمز کو ڈیل کر رہا ہے۔ بورڈ ممبران کی سفارش پر چیئرپرسن سلوت سعید نے ملازمین کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک بنیادی تنخواہ کے برابر آ عزازیہ دینے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ میٹرک کا رزلٹ 31اگست کو جاری کیا جائے گا جس کیلئے دن رات کام جاری ہے۔
بورڈ اجلاس میں ریگولر اور کنٹریکٹ ملازمین کیلئے پے سکیل 2022اور ڈیلی ویجز ملازمین کیلئے ڈیلی ویجز ریٹس 2022کی منظوری دی گئی جبکہ پینشن میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔ کمشنر نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے دوران طلبہ و طالبات کو تمام سہولیات خصوصاً لوڈ شیڈنگ میں جنریٹر چلانے کی دوبارہ سختی سے تاکید کی اور اس کیلئے علیحدہ چارجز کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں بورڈ کی فیسوں میں ردوبدل کرنے، مختلف چارجز میں اضافہ کرنے اور بعض ملازمین کے خلاف انکوائریوں کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں طلبہ و طالبات کی سہولت کے لئے دو سالانہ امتحانات سسٹم کی بھی منظوری دی گئی جس سے اب سٹوڈنٹس سال میں دو بار امتحانات دے سکیں گے