عقیدہ ختم نبوت اسلام کی شہ رگ ہے، مولانا شبیر احمد عثمانی
اوکاڑہ (نامہ نگار+بیورورپورٹ)عقیدہ ختم نبوت اسلام کی شہ رگ ہے اور منکرین ختم نبوت کو تاریخ و سیرت کی روشنی میں بے نقاب کرنا ہمارے ایمان کا تقاضہ اور ہماری ذمہ داری ہے۔7ستمبرکوچناب نگر میں منعقد ہونے والی35 ویں سالانہ انٹر نیشنل ختم نبوت کانفرنس ملک میں استحکام اور مثالی ہوگی،ان خیالات کا اظہار انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے نائب امیر مولانا قاری شبیر احمد عثمانی نے جامع مسجد عائشہ اور اوکاڑہ میں مختلف مقامات پر اجتماعات سے خطاب کرتے ہو ئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل اسلام کو بطور نظام حیات نافذ کرنے میں ہے معاشرے میں اچھی تبدیلی لانے کیلئے قرآن و سنت کا پڑھنا پڑھانا ناگزیر ہے ہمارے تمام مسائل کی وجہ چاہے انفرادی ہوں یا اجتماعی ان سب کا سبب نبی کریم کی حکم عدولی ہے نافرمانی ہے اور ان تمام مسائل کا حل آپ کی اطاعت میں ہے اتباع میں ہے،ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں امت مسلمہ کو دجالی تہذیب کاچیلنج درپیش ہے، ہمارے نو جو ا نو ں کا اسلام اور قرآن کی طرف بڑھتا ہوا رجحان دیکھ کر یہ دجالی تہذیب خوفزدہ ہے دشمن کی سازش ہے کہ ان کو تشدد کی سیا ست کی طرف دھکیل دے انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اس وقت مشکل دور سے گزر رہی ہے اور استعماری اور طاغوتی قوتیں آپس میں متحد ہو کر مسلمانوں پر حملہ آور ہو رہے ہیں موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں سب کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی زندگی کا ہر عمل قرآن و سنت کے مطابق ہونا چاہیے عبادات سمیت سیاست، معیشت، معاشرت اور اخلاقیات میں سیرت رسول سے رہنمائی لینے کی ضرورت ہے۔ہر شخص کو چاہیے کہ وہ اپنی اصلاح کرے‘ اعمال صالح کرے اوراللہ کو راضی کرنے کی کوشش کرے پوری قوم اللہ کے سامنے جھک جائے اور اپنے گناہوں کی معافی مانگے۔