پی آئی اے کی پہلی انٹرنیشنل پرواز دبئی سے سکردو لینڈ کر گئی
سکردو(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی ایئر لائن(پی آئی اے) کی پہلی انٹرنیشنل پرواز پی کے 234دبئی سے سکردو لینڈ کر گئی ، پرواز اترنے کے بعد سکردو کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ مل گیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق پی آئی کی دبئی سے سکردو کی ہفتہ واز پروازیں شروع کی جائینگی،پرواز پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی،سیاح دبئی سے براہ راست ساڑھے 3گھنٹے کی پرواز سے سکردو پہنچ سکیں گے۔
اس حوالے سے سکردو ایئرپورٹ پر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، سی ای او پی آئی اے ایئروائس مارشل عامر حیات نے مسافروں کا استقبال کیا،سول ایوی ایشن حکام اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں،جہاز کے کپتان نے کاک پٹ کا شیشہ کھول کر پاکستان کا جھنڈا لہرایا۔
پرواز اتار کر پی آئی اے نے سکردو کو پوری دنیا میں متعارف کروا دیا،سیاح جنت نظیر گلگت بلتستان کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہو سکیں گے،دوران پرواز سیاحوں کو برف پوش پہاڑوں کے خوبصورت نظارے بھی دیکھنے کو ملیں گے،سیاح کے ٹو اور نانگا پربت کے خوبصورت اور یادگار مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔