پاکستان کا 77واں یوم آزادی آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کا 77واں یوم آزادی آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔
14 اگست کا آغاز ہوتے ہی ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔دن کا آغاز وطن عزیز کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوگا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوگی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے ہمراہ قومی پرچم لہرائیں گے جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب ہوں گی۔
پاکستان ایک طویل اور لازوال جدوجہد کے بعد مارض وجود میں آیا ہے ، پاکستان کی ترقی و خوشحالی ایک اٹل حقیقت ہے ، پاکستان کی 24 کروڑ آبادی ہے اور اس میں 65% آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہیں جن کی عمریں 30 سال سے کم ہے ۔جغرافیائی اعتبار سے پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے، جس کی سرحدیں بھارت، چین، افغانستان اور ایران سے ملتی ہیں پاکستان کے پاس 1046 کلومیٹر طویل سمندری پٹی موجود ہے، جو عالمی سمندری راستوں تک باآسانی رسائی فراہم کرتی ہیں جبکہ سی پیک اور تاپی جیسے منصوبے خطے اور عالمی تجارت کے فروغ کے لیے اہم منصوبے ہیں، جو پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو بڑھاتے ہیں۔پاکستان کا وسیع و عریض تاریخی و ثقافتی ورثہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یہاں قدرتی ورثے بھی موجود ہیں، جن میں صحرا، سمندر، جھیلیں، بل کھاتے دریا، اور بلند و بالا پہاڑ شامل ہیں گلگت بلتستان میں دنیا کی دوسری بلند چوٹی کے ٹو واقع ہے۔سوات میں بدھ مت کے تاریخی سٹوپا مجسمے موجود ہیں جنہیں مشہور بادشاہ آشوکا کی جانب سے بنایا گیا۔ مغلیہ دور کے کئی شاہکار، جن میں شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد، شیش محل، اور ہرن منار شامل ہیں، دنیا بھر سے سیاحوں کو اپنی طرف راغب کرتے ہیں۔