ماں نے بیٹی کی جان بچانے کیلئے خود درخت کی شاخ تلے جان دے دی

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) برطانیہ کے علاقے بلیک برن میں ایک دل خراش واقعہ اس وقت پیش آیا جب 32 سالہ مدیحہ کوسر شام کی سیر کے دوران گرتی ہوئی درخت کی شاخ کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئیں۔ سانحے سے چند لمحے پہلے انہوں نے اپنی پانچ سالہ بیٹی کی جان بچانے کے لیے خود کو قربان کر دیا۔
ڈیلی سٹار کے مطابق پیر کی شام مدیحہ کوثر اپنی پانچ سالہ بیٹی، جو پش چیئر میں تھی، اور اپنے بڑے بھائی کے ساتھ وِٹن کنٹری پارک میں چہل قدمی کر رہی تھیں۔ اسی دوران ایک بڑا درخت جھک کر ان کی سمت گرنے لگا۔ مدیحہ نے فوری طور پر بیٹی کی پش چیئر کو زور سے دھکیل کر محفوظ جگہ پہنچایا، مگر خود شاخ کے نیچے آ گئیں۔
ایمرجنسی سروسز فوری طور پر موقع پر پہنچیں لیکن مدیحہ موقع پر ہی دم توڑ چکی تھیں۔ ان کے شوہر وسیم خان اس وقت اپنے نو سالہ بیٹے کے ساتھ چند میٹر آگے چل رہے تھے اور سانحہ اپنی آنکھوں سے دیکھنے کے باوجود کچھ نہ کر سکے۔