ختم نبوت ؐکے معاملہ پر ہر فورم پر آواز اٹھائی ،چودھری پرویزالٰہی

ختم نبوت ؐکے معاملہ پر ہر فورم پر آواز اٹھائی ،چودھری پرویزالٰہی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خصوصی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ جب تک پاکستان میں ایک بھی عاشق رسولﷺ موجود ہے موجودہ حکمران اپنے ان مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے، ہم نے ختم نبوت کے مسئلہ پر ہر فورم پر آواز اٹھائی یہی وجہ تھی کہ ان حکمرانوں کو اپنے ہی پاس کیے ہوئے بل میں ترمیم کرنا پڑی اور دوبارہ ختم نبوت کی شق کو اپنی اصل حالت میں بحال کرنا پڑا۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد میں چودھری غلام نبی، میاں محمد اصغر، میاں محمد طاہر، رانا محمد آصف، حاجی محمود اکرم، میاں احسان الٰہی، میاں انعام الٰہی، میاں اکرام الٰہی اور رانا محمد واصف بھی شامل تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ کی دینی و سماجی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب آپ کا دور سنہری تھا، پورے پانچ سال میں فرقہ واریت کا ایک بھی واقعہ پیش نہیں آیا، تمام مکاتب فکر کے علماء پر مشتمل بورڈ کی وجہ سے پنجاب میں محرم الحرام اور دیگر مذہبی ایام میں امن و امان قائم رہا، اسلامی جمہوری اتحاد ہر سطح پر آپ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا۔
چودھری پرویزالٰہی

لاہور(خصوصی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مونس الٰہی نے آبی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت اور صحت عامہ پر اس کے شدید منفی اثرات نمایاں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کے پالیسی ڈویلپمنٹ گروپ سے گفتگو میں کہا کہ اگر اس مسئلے کے حل کیلئے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو پاکستان 2025ء تک پانی کے وسائل سے محروم ہو سکتا ہے اور آبی ضروریات سے 83 ملین ایکڑ فٹ کمی کی تلافی ناممکن ہو گی، آبی بحران کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ن لیگ نے جنگلہ بس اور اورنج لائن ٹرین جیسے نمائشی منصوبوں کو قوم کی موجودہ اور مستقبل کی آبی ضروریات پر ترجیح دی ہے۔ انہوں نے ممتاز ماہرین کی حالیہ تحقیقی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ 2025ء میں پاکستان کی آبی ضرورت 274 ملین ایکڑ فٹ ہو گی جبکہ دستیاب پانی صرف 191 ملین ایکڑ فٹ ہو گا، اس خطرناک صورتحال کی ذمہ داری مونس الٰہی نے بڑھتی ہوئی آبادی، آبی وسائل کے ناقص انتظام، دیرپا آبی انفرا سٹرکچر کیلئے فنڈز کی عدم دستیابی اور ن لیگ کی ملک کیلئے ایک جامع آبی پالیسی تیار کرنے میں ناکامی کو قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری معیشت کا دارومدار پانی پر ہے اور زراعت کو مستقبل میں پانی کی عدم دستیابی سے شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے لیکن موجودہ حکمرانوں نے اپنے مضموم سیاسی مقاصد کی خاطر کالاباغ ڈیم جیسے اہم ترین قومی منصوبے پر بھی سمجھوتہ کیا اور اس ڈیم کی تعمیر کو ممکن نہیں بنایا۔

مزید :

صفحہ آخر -