منی بجٹ کی منظوری اور سٹیٹ بینک قوانین میں ترامیم ، لندن میں بیٹھے سینیٹر اسحاق ڈار نے دبنگ اعلان کردیا
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبی عوام پر منی بجٹ کے ذریعے 375 ارب روپے کے ٹیکسز اور سٹیٹ بینک قانون میں ترامیم کے ذریعے پاکستان کی خود مختاری پر ضرب لگانے کی پر زور مذمت کرتے ہیں،اللہ تعالیٰ نے جب موقع دیا، پاکستان کی مالی خود مختاری کے خلاف ہونے والی تمام ترامیم کو ختم کرینگے۔
لندن سے جاری اپنے ویڈیو پیغام میں سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی کے بوجھ تلے بری طرح دبی ہوئی ہے ،لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں اور انہیں دو وقت کی روٹی میسر نہیں ہے، بے پناہ اضافہ ہر مہینے اور ہر سہ ماہی میں ہو رہا ہے ،اس کے باوجود حکومت نے عوام کے اوپر منی بجٹ کے ذریعے 375ارب روپے کے مزید ٹیکسز کا بوجھ ڈال دیا ہے اور منی بجٹ کو بلڈوز کرکے پارلیمنٹ سے پاس کرا لیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ سٹیٹ بینک کی خود مختاری کو گروی رکھنے کے لئے بھی فضول قسم کی ترامیم کر ڈالی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ پاکستان اور پاکستانی قوم کے ساتھ زیادتی ہے ،تمام محب وطن سیاسی قوتوں کو چاہئے کہ وہ عہد کریں کہ جب بھی اللہ تعالیٰ نے انہیں موقع دیا انشاءاللہ ایسی تمام ترامیم جو پاکستان کی خود مختاری کے اوپر ایک کاری ضرب ہیں ،اس کو ختم کریں گے اور اپنی مالی خود مختاری کو دوبارہ بحال کریں گے جو کہ تما دنیا میں ایک خود مختار ملک کا بنیادی حق ہے ،ہم قوم کے ساتھ وعدہ کرتے ہیں کہ جب بھی اللہ نے موقع دیا تو اس طرح کے تمام معاملات اور قوانین کو ختم کیا جائے گا اور ملکی سلامتی کے مفاد میں جو بھی تبدیلیاں اور چیزیں ریورس کرنا پڑیں وہ ہم کریں گے ۔