ہڈیوں کے کینسر کا جدید طریقۂ علاج

ہڈیوں کے کینسر کا جدید طریقۂ علاج
ہڈیوں کے کینسر کا جدید طریقۂ علاج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ہڈیوں کے کینسر کے علاج کے لئے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال میں لمبز پریزرویشن ٹیکنالوجی استعمال ہو رہی ہے جو پاکستان میں ابھی اتنی عام دستیاب نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار کنسلٹنٹ آرتھو پیڈک سرجن شوکت خانم ہسپتال ڈاکٹر فیصل قمر نے ہڈیوں کے کینسر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستا ن میں ہڈیوں اور پٹھوں کی جو بیماریاں پائی جاتی ہیں، کینسر بھی ان میں سے ایک ہے۔ اگر کسی فرد کو جسم کے کسی حصے میں گلٹی محسوس ہو اور یہ گلٹی تین ہفتے سے زیادہ تک برقرار رہے اوراس کے ساتھ رات کے وقت اس میں درد کی شکایت بھی ہو تو ایسی صورت میں فوراً مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے، کیونکہ یہ کینسر کی علامات بھی ہو سکتی ہیں اور سلسلے میں تاخیر خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

ہڈیوں اور پٹھوں کے کینسر کی مختلف اقسام ہیں ان سب اقسام کی وجوہات بھی قدرے مختلف ہوتی ہیں، لیکن ان سب سے بچنے کے لئے کچھ ایسی احتیاطی تدابیر اختیار کی جاسکتی ہیں جو خاص طور پر کینسر کے لئے تو نہیں، لیکن عمومی طور پر ہڈیوں اور پٹھوں کی بیماریوں سے بچانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں ۔

ان تدابیر میں سب سے اہم تدبیر تو اچھی خواراک کا استعمال ہے۔ خواراک میں دودھ، دہی اور پنیر کا استعمال زیادہ کرنا چاہئے۔اسی طرح جسمانی مشقت کو بھی اپنی روٹین کا حصہ بنانا چاہئے، روزانہ کی بنیاد پر ورزش ، سائیکلنگ یا چہل قد می کی بدولت ہڈیوں کی بیماریوں سے بچا جا سکتاہے۔
ڈاکٹر فیصل قمر کے مطابق ہڈیوں کا کینسر اگر ایک خاص حد سے آگے بڑھ جائے تو مریض کا متاثرہ عضو کاٹنے کے علاوہ اور کوئی آپشن باقی نہیں بچتی، لیکن ڈاکٹروں کی انتہائی کوشش یہ ہوتی ہے کہ عضو کو کاٹنا نہ پڑے ۔

ایسے مریضوں کو معذوری سے بچانے کے لئے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال میں اس سلسلے میں limbs preservation implant کی ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے، جو پاکستان میں ابھی اتنی عام نہیں ہے۔

اس ٹیکنالوجی کی بدولت کینسر سے متاثرہ ٹانگ یا دوسرے عضو کو کاٹنے کی بجائے متائثرہ جوڑ یا ہڈی کو آپریشن کے ذریعے نکال کر اس کی جگہ مصنوعی ہڈی یا جوڑ لگا دیا جاتا ہے۔ اس کا مریض کو دو طرح کا فائدہ ہوتا ہے۔

ایک تو وہ صحت یاب ہونے کے بعد پہلے کی طرح بھرپور زندگی گزار سکتا ہے ،اسی طرح بھاگ دوڑ اور کھیل سکتا ہے دوسرا ایسا مریض اس ٹروما سے بچ جاتا ہے جو کسی عضو کے کٹ جانے کی صورت میں اسے برداشت کرنا پڑتا ہے۔ شوکت خانم ہسپتال میں لمبز ٹرانسپلانٹ کے اب تک کے سارے آپریشنز کا رزلٹ سو فیصد کامیاب رہا ہے۔یہ ایک ایسی منفرد ٹیکنالوجی ہے جو ابھی عام رسائی میں نہیں ہے۔

اس کی ایک وجہ تو اس کا انتہائی مہنگا ہونا بھی ہے ۔ ہڈیوں کے کینسر میں مبتلا مریض کے علاج پر یہ کیمو تھراپی یا ریڈی ایشن ٹریٹمنٹ کے علاوہ ایک اضافی خرچہ ہوتا ہے، لیکن شوکت خانم ہسپتال میں اب تک کیے جانے والے تمام آپریشنز بالکل بلا معاوضہ کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ یہاں ہونے والے آپریشنز کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ یہاں کئے جانے والے implant اپنے معیار کی وجہ سے لمبے عرصے تک چلتے ہیں۔ شوکت خانم ہسپتال یہ implantجس کمپنی سے در آمد کرتا ہے، اس کا شمار دنیا کی ٹاپ تھری کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ ان کے تیار کردہ مصنوعی اعضا کی 20سال تک کی گارنٹی ہوتی ہے۔
پاکستان میں شوکت خانم ہسپتال کے علاوہ کچھ دوسرے سرکاری و غیر سرکاری ادارے بھی یہ لمبز امپلانٹ کی سہولت فراہم کرتے ہیں، لیکن اکثر ضرورت مند مریض اس کے اخراجات برداشت نہیں کر پاتے۔ سرکاری ہسپتالوں میں اگرچہ آپریشن اور دیگر سہولتیں بلامعاوضہ مل جاتی ہیں، لیکن مصنوعی عضو مریض کو خود خریدنا پڑتا ہے ۔ ایسے میں کم بجٹ میں کام چلانے کی خاطر replica implantsکا استعمال کیا جاتا ہے، لیکن اس کی لائف کم ہوتی ہے اور عموماً دو سے ڈھائی سال بعد دوبارہ آپریشن کرنے کی ضرورت پیش آجاتی ہے۔ پاکستان میں اس ٹیکنالوجی کے آنے کے بعد ایسے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جو آپریشن کروانے پر رضامند ہو جاتے ہیں۔

اس سے پہلے لوگ اعضا کو کھو دینے کے ڈر سے آپریشن نہیں کرواتے تھے، جس کی وجہ سے ان کو مزید تکلیف برداشت کرنا پڑ تی تھی۔ اسی ٹیکنالوجی کی ایک جدید شکل growing implantبھی ہے،جس کی مدد سے ایسے مریضوں کے اعضا کا آپریشن بھی کیا جاسکتا ہے جو کم عمر ہوں اور ابھی قد بڑھنے کے مرحلے میں ہو ۔ grwoing implants بڑھتی عمر اور قد والے مریضوں کو بھی لگ سکتے ہیں ۔

ہڈیوں اور کینسر کے علاج کے ضمن میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ پاکستان بھر میں اس کی وجہ سے implants کی قیمتوں میں 30فیصد تک کی کمی کی گئی ۔

پہلے یہ خصوصی رعایت صرف شوکت خانم ہسپتال کو ہی حاصل تھی، لیکن اب شوکت خانم کی بدولت یہ ان تمام ہسپتالوں کو بھی دستیاب ہے،جو ہڈیوں کے علاج کے لئے اس ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہیں۔

مزید :

رائے -کالم -