علاج معالجہ کی بہترین سہولیات میں نرسوں کا اہم کردار،سردار الفرید ظفر

علاج معالجہ کی بہترین سہولیات میں نرسوں کا اہم کردار،سردار الفرید ظفر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے لاہور جنرل ہسپتال میں پہلے سے قائم عمارت کی تزئین و آرائش کرواکر اسے نرسنگ انتظامیہ کے دفاتر کیلئے مخصوص کر نے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔گزشتہ روز اس حوالے سے افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں ڈپٹی چیف سپر نٹنڈ نٹ،نرسنگ سپرنٹنڈنٹ اور سٹاف خوشگوار و صاف ستھرے ماحول میں اپنے امور کی انجام دہی کر سکیں گے جس سے سرکاری امور کی انجام دہی احسن انداز میں ہو سکے گی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ سپیشل ایجوکیشن قر ۃ العین،ڈیٹی چیف نرسنگ سپرٹنڈنٹ رمضان بی بی، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ میمونہ ستار،انور سلطانہ،ینگ نرسنگ ایسوسی ایشن کی صدر خالدہ تبسم و دیگر عہد یدا ر ان بھی موجود تھیں۔پروفیسر الفرید ظفرکا کہنا تھا کہ ہسپتال میں علاج معالجہ کی بہتر سہولیات،مریضوں سے احسن طریقے سے پیش آنے اور وارڈ مینجمنٹ میں نرسز کا بنیادی کر دارہوتا ہے جو ڈاکٹر زکے شانہ بشانہ دکھی انسانیت کی خدمت میں اپنے فرائض منصبی ادا کر تی ہیں اور دن رات سرگرم عمل رہتی ہیں۔
 پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ نرسز کو ادارے میں بہتر سہولیات اوراکاموڈیشن فراہم کرنے میں دلچسپی کا مظاہرہ کریں تاکہ نرسیں با وقار انداز اور دلجمعی کے ساتھ مریضوں کی مزید بہتر نگہداشت کر سکیں۔ پروفیسرالفرید ظفرنے کہا کہ نرسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتیں مزید بڑھانے کے لئے تربیتی ورکشاپ کروانے کا شیڈول مرتب کر لیا ہے تاکہ وہ نئی نئی بیماریوں کے علاج اور ہنگامی صورتحال میں کسی مشکل کے بغیر میں ڈیوٹی کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کو ہمیشہ صبر و تحمل، حاضر دماغی اور ڈسپلن کے اصول پر کار بند رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ دعائیں سمیٹنے کا اہم ذریعہ ہے اور اس سے وابستہ افراد انتہائی خوش قسمت ہیں کہ مریض اْن کے پاس اللہ تعالیٰ کی امانت ہوتے ہیں لہذا اْنہیں ان کی جان بچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔پروفیسر الفرید ظفرنے کہاکہ مریضوں کی بہتر نگہداشت اور حسن سلوک نرسنگ شعبے کا "ماٹو" ہے جس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے نرسز کو اعلیٰ تعلیم کے لئے بھرپور جدوجہد کرنی چاہیے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ نرسز کی طرف سے کورونا وبا میں کیے گئے ریکارڈ کام کو  تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی جب ان نرسز نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر دن رات دوسروں کی خدمت جاری رکھی اور کسی خوف کے بغیر سینہ سپر رہیں۔ اس موقع پر ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی صدر خالدہ تبسم نے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کا اپنی کمیونٹی کی طرف سے اس اہم اقدام پر شکریہ ادا کیا اور انہیں مستقبل میں بھی اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔