سکھر انتظامیہ شہریوں کوٹریفک مسائل سے نجات دلانے میں ناکام
سکھر(ڈسٹرکٹ رپورٹر)سکھر انتظامیہ شہریوں کوٹریفک مسائل سے نجات دلانے میں ناکام،کاروباری و تجارتی مراکز میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل نہ ہوسکا،خریداروں،شہریوں سمیت آنے جانے والے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا تفصیلا ت کے مطابق سکھر شہر کے مختلف کاروباری و تجارتی مراکز میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل نہ ہو سکا ہے جس کی وجہ سے شہر کے مختلف کاروباری و تجارتی مراکز، پان منڈی، سبزی منڈی، اناج منڈی، نشتر روڈ، فرئیر روڈ، شاہی بازار، تھلہ، نیم کی چاڑی، مینارہ روڈ، شالیمار روڈ، گھنٹہ گھر، مہران مرکز، غریب آباد و دیگر علاقوں میں ٹریفک جام نے شہریوں سمیت وہاں کے دکانداروں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے،ٹریفک پولیس کی رشوت وصولی کے باعث فٹ پاتھ کناروں پر پارک گاڑیوں نے شہر کی کشادہ سڑکیں تنگ کردی ہے جبکہ کئی مقامات پر ٹریفک اہلکار تعینات نہ ہونے پر ڈرائیور نو پارکنگ ایریا میں بھی گاڑی کھڑے کرنے نہیں کتراتے بے ہنگم،بے ترتیب پارک گاڑیوں کی وجہ ٹریفک مسائل مزید بڑھتے جارہے ہیں جو سکھر انتظامیہ کیلئے لمحہ فکریہ بنتا جارہا ہے شہریوں نے بالا حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں ٹریفک جام کا نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے موئثر اقدام کئے جائیں۔