کراچی،کے ایم سی اہلکار کے قتل میں ادارے کا افسر ہی ملوث نکلا
کراچی(سٹاف رپورٹر) کے ایم سی کے ہیڈ کلرک کے قتل میں کے ایم سی کا سب انسپکٹر ہی ملوث نکلا جس کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں گارڈن جوبلی خٹک روڈ پر واقع ڈپٹی ڈائریکٹر انسداد تجاویزات سیل ضلع جنوبی کے دفتر میں فائرنگ کے واقعے میں کے ایم سی کے 40 سالہ ہیڈ کلرک محمد علی ولد وقار علی کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ایس ایس پی سٹی شبیر احمد سیٹھار کے مطابق گرفتار ملزم ابراہیم ٹوپی کے ایم سی میں سب انسپکٹر ہے، مقتول اور گرفتار ملزم کے درمیان پوسٹنگ اور چارج لینے پر تنازعہ چل رہا تھا، ملزم ابراہیم ٹوپی نے ٹارگٹ کلر شاکر ڈھیلا کو کے ایم سی ہیڈ کلرک محمد علی کو قتل کرنے کا ٹارگٹ دیا تھا۔انھوں نے بتایا کہ اتوار کو کے ایم سی ہیڈ کلرک محمد علی کو قتل کرنے والے ٹارگٹ کلر شاکر ڈھیلا کو بھی نیو کراچی سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم ابراہیم کے خلاف مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزمان کے مفرور ساتھیوں کے لیے مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ 30 مئی کو گارڈن جوبلی خٹک روڈ پر ڈپٹی ڈائریکٹر انسداد تجاویزات سیل ضلع جنوبی کے دفتر میں نامعلوم ملزمان نے داخل ہوکر کے ایم سی کے 40 سالہ ہیڈ کلرک محمد علی ولد وقار علی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ نبی بخش تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔