ٹرانسفارمر پھٹنے کا معاملہ ،نیپرا نے حیسکو کو 1 کروڑ روپے جرمانہ کر دیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹر اتھارٹی (نیپرا)نے حیدر آباد کے علاقے اسلام آباد چوک پر ٹرانسفارمر پھٹنے کے معاملے میں حیدر آباد الیکٹر ک سپلائی کمپنی (حیسکو )پر 1 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیاہے ۔
نجی ٹی وی "اے آر وائے نیوز "کے مطابق اسلام آباد چوک میں ٹرانسفارمر پھٹنے سے 3افراد جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ 4زخمی ہوئے تھے ،نیپرا نے ٹرانسفارمر پھٹنے پرہلاکتوں کی تحقیقا ت کیلئے 2ممبران پر مشتمل کمیٹی بنائی تھی ،تحقیقاتی ٹیم نے متاثرین کے بیانات قلمبند کیے اور واقع سے شواہد اکٹھے کیے جبکہ تحقیقاتی ٹیم نے حیسکو حکام سے بھی پوچھ گچھ کی۔ نیپرا نے کیس سے متعلق اعلامیہ بھی جاری کیا ہے جس کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے متاثرہ ٹرانسفارمر بنانے والی کمپنی کا بھی دورہ کیا اور تفتیش مکمل کرنے کے بعد اتھارٹی کو رپورٹ پیش کی تھی، اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت حیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کیا اورسماعت کا موقع دیا ۔
تحقیقات میں ثابت ہوا کہ حیسکو ضابطہ اخلاق ، حفاظتی معیار سے متعلق قانونی ذمہ داریاں سر انجام دینے میں ناکام رہاہے،جس پر نیپرا نے
حیسکو کو سگوار خاندانوں کو 35لاکھ فی کس معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کر دی ، ساتھ ہی ہدایت کی کہ معاوضے کی تفصیلات اتھارٹی کے ساتھ شیئر کی جائیں ،نیپرااتھارٹی کی حیسکو کو سوگوار خاندانوں کو ملازمت بھی دینے کی ہدایت کی۔