پاکستان میں عید الاضحیٰ کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سربراہ ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں عیدالاضحیٰ ممکنہ طور پر 10جولائی کو ہو گی۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ڈاکٹر جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ 29جون کو اسلامی مہینے کی بھی 29تاریخ ہو گی اور اس روز ذی الحجہ کا چاند نظر نہیں آئے گا۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 29تاریخ کو جب سورج غروب ہو گا، اس وقت چاند 5ڈگری سے کم پر ہو گا اور سورج کے غروب ہونے اور چاند کے طلوع ہونے کے درمیان 30منٹ کا وقت ہو گا لہٰذا اس روز چاند کسی طور نظر نہیں آئے گا۔
ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا کہ ذی الحجہ کا چاند 30جون کو نظر آئے گا اور یکم ذی الحجہ یکم جولائی کو ہو گی۔ اس لحاظ سے عید الاضحیٰ 10جولائی کو ہو گی۔رپورٹ کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 29جون کو ہو گا جس کی صدارت مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی 29جون کو ہی ہوں گے۔