’عامر لیاقت حسین زندگی کے آخری دنوں میں تبلیغ کیلئے ہالینڈ جانا چاہتے تھے‘ دوست نے انکشاف کردیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے ایک دوست نے انکشاف کیا ہے کہ وہ زندگی کے آخری دنوں میں تبلیغ کے کام کے لیے ہالینڈ جانا چاہتے تھے۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق ڈاکٹر عامر لیاقت کے دوست اسلم رحمان نے بتایا ہے کہ تیسری اہلیہ دانیہ کے ساتھ علیحدگی کے بعد جب ویڈیوز وائرل ہونے کے واقعات ہو رہے تھے، تب اس صورتحال سے چھٹکارا پانے کے لیے عامر لیاقت ہالینڈ جانا چاہتے تھے۔
اسلم رحمان نے بتایا کہ عامر لیاقت حسین نے ہالینڈ کا ویزہ حاصل کرنے کے لیے اپنا پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات جمع کروا دی تھیں۔ وہ مذہبی تبلیغ کے لیے ہالینڈ جانے والے تھے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں اسلم رحمان نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ”عامر لیاقت ہمیں بتا چکے تھے کہ ان کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔ وہ اپنی نجی ویڈیوز لیک ہونے پر شدید ذہنی پریشانی کا شکار تھے۔ انہوں نے ملک چھوڑنے کے متعلق ایک ویڈیو پیغام بھی اسی حوالے سے جاری کیا تھا۔“