رائے ونڈ تبلیغی مرکز کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر خود کش دھماکہ ،4 اہلکاروں سمیت9 افراد شہید ،35 سے زائد زخمی ، شہادتوں میں اضافے کا خدشہ

رائے ونڈ تبلیغی مرکز کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر خود کش دھماکہ ،4 اہلکاروں ...
رائے ونڈ تبلیغی مرکز کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر خود کش دھماکہ ،4 اہلکاروں سمیت9 افراد شہید ،35 سے زائد زخمی ، شہادتوں میں اضافے کا خدشہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)رائے ونڈ میں تبلیغی اجتماع کے قریب  واقع پولیس کی چیک پوسٹ پر زور دار دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 9افراد شہید  جبکہ 35 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے کئی کی حالت انتہائی تشویش ناک بیان کی جا رہی ہے  جبکہ شہادتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہاہے ۔

تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ تبلیغی مرکز کے قریب پولیس کی نثار چیک پوسٹ پر ہونے والے خود کش حملے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 4 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید جبکہ اے ایس پی رائے ونڈ زبیر نذیر اور ایس ایچ او عاصم سمیت 35 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کئی کی حالت انتہائی تشویش ناک بیان کی جا رہی ہے ۔پنجاب کے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 7 افراد  کی لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رائے ونڈ جبکہ ایک لاش جناح ہسپتال لائی گئی ہے ،وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر لاہور کے تمام ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں ۔دوسری طرف سینئر پولیس حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ دھماکہ خود کش تھا جبکہ ڈی آئی جی ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی ادارے تفتیش کر رہے ہیں کہ خود کش حملہ آور کس کے ساتھ اس مقام تک پہنچا ؟۔انہوں نے کہا کہ خود کش حملہ آور کے اعضا اور دیگر شواہد اکٹھے کر کے فرانزک کے لئے بجھوائے جا رہے ہیں جبکہ لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی سخت کرنے کے ساتھ ساتھ اس خود کش حملے کی تمام پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے ۔ڈاکٹر حیدر  اشرف کا کہنا تھا کہدھماکے سے پہلے حملہ آور نے اجتماع گاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی تاہم چیک پوسٹ پر موجود اہلکاروں نے روکا تو دہشت گرد نے خود کو اڑا لیا۔دھماکے کی اطلاع ملتے ساتھ ہی آئی جی پنجاب ،سی سی پی او لاہور ، ڈی آئی جی آپریشن ،کمشنر  لاہور سمیت اعلیٰ حکام رائے ونڈ پہنچ گئے اور زخمیوں کی عیادت کرنے کے ساتھ دھماکے کی جگہ کا بھی معائنہ کیا ۔

ایک اور نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رائے ونڈ بم دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کا آغاز کر دیاہے،ابتدائی تفتیش کے مطابق حملہ آور کا ٹارگٹ پولیس اہلکار ہی تھے جبکہ   ابتدائی طور پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ دھماکے میں ایک موٹر سائیکل استعمال کی گئی،دھماکے کی جگہ سے قریب ایک موٹر سائیکل مکمل طور پر تباہ شدہ حالت میں پائی گئی ہے جس سے شبہ ہے کہ دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکے کی آواز بہت دور دور تک سنی گئی ہے۔ دھماکے میں 35 افراد کے زخمی ہوئے جن میں سے کچھ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے زخمیوں میں رائے ونڈ کے اے ایس پی زبیر نذیر اور ایس ایچ او   عاصم بھی شامل ہیں جبکہ شدید زخمیوں کو لاہور کے جناح ہسپتال منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیاہے ۔دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دھماکے میں شہید ہونے والے بہادر پولیس اہلکاروں پر پوری قوم کو فخر  ہے ،انہوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جان کی قربانی دی۔

واضح رہے کہ رائے ونڈ کے آج ہونے والے تبلیغی اجتماع میں ہزاروں  کی تعداد میں پاکستانی شہری دور دراز علاقوں سے شرکت کیلئے آتے ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -