اجمل وزیر کے والد کی وفات پر وزیر اعلیٰ سمیت مختلف شخصیات کا اظہار تعزیت
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان و مشیر وزیراعلیٰ برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر کے والد ڈاکٹر حکیم خان کی وفات پر گزشتہ روز مختلف مکاتب فکر کی شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات جاری کئے گئے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ڈاکٹر حکیم خان کی وفات پر انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ مرحوم نے قبائیلی اضلاع سمیت خیبرپختونخوا میں اپنی تعلیمی خدمات انتہائی احسن طریقے سے سرانجام دےں۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ صوبائی ترجمان اجمل وزیر کے والد ڈاکٹر حکیم خان مختصر علالت کے بعد پیر کی شب پشاور میں انتقال کر گئے تھے۔ جن کی نماز جنازہ گزشتہ روز ان کے آبائی علاقے شکءجنوبی وزیرستان میں ادا کی گئی۔خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے اجمل وزیر کے والد کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر حکیم خان کی وفات پر دکھ ہوا، اور اللہ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔یاد رہے کہ مرحوم کی وفات پر وزیراعظم پاکستان عمران خان، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، کورکمانڈرپشاور مظہر شاہین، مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، وفاقی وزیر علی امین خان گنڈا پور سمیت ملک بھر کی سیاسی اور سماجی شخصیات نے مرحوم کی بلندی درجات کی دعا کی اور پسماندگان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم کی تعزیت کیلئے اجمل خان وزیر اپنے بھائیوں اور دیگر پسماندگان سمیت تین دن شکئی جنوبی وزیرستان میں موجود رہیں گے جبکہ 16مئی کو اجمل آباد ڈیرہ اسماعیل خان میں اجتماعی دعا کی جائے گی۔