شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش، موسم سردہو گیا
چمن (ڈیلی پاکستان آن لائن)شمالی بلوچستان کے مختلف میدانی اوربالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش سے موسم سرد ہو گیا اور لوگوں نے سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں کااستعمال شروع کردیا۔
نجی ٹی وی جی این این کے مطابق چمن، پشین ،زیارت،مسلم باغ،قلعہ عبداللہ،شیلاباغ،جنگل پیرعلیزئی، گلستان، توبہ اچکزئی میں بادل برس پڑے،محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ شمالی بلوچستان کے بالائی علاقوں میں برفباری کاامکان ہے،پی ڈی ایم اے نے ژوب، زیارت،قلعہ عبداللہ کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔لوئر دیر میں رات گئے بارش پہاڑی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی،محکمہ موسمیات نے لوئر دیر میں آج مزید بارش کی پیشگوئی کردی،کوئٹہ شہر میں بارش ہوتے ہی بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔
دوسری طرف بارش کا سبب بننے والا مغربی ہواﺅں کاسلسلہ بلوچستان میں داخل ہو گیا،ہواﺅں کے سلسلے سے شمال مغربی بلوچستان میں بارش پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے،محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ ہواﺅں کاسلسلہ شمال مغربی بلوچستان پر اثرانداز ہوگا،شیرانی ،ژوب ،پیشن، مستونگ ،نوشکی ،چاغی ،سبی اور زیارت میں بارش متوقع ہے،بارش اور برفباری کے بعد بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سردی بڑھنے کا امکان ہے ،وادی کوئٹہ و گردنواح میں بارش وقفے قفے سے جاری ہے،کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرات6قلات میں 3سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سبی میں 12 اورنوکنڈی 14 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا
مانسہرہ کے علاقے وادی ناران میں موسم سرما کی پہلی باربرفباری ہوئی،ناران میں رات گئے سے برفباری کاسلسلہ جاری ہے، بالائی علاقوں میں برف باری سے میدانی علاقوں میں سردی بڑھ گئی ،ضلع بھر میں مطلع مکمل ابرآلوداوربارش کا امکان ہے۔بٹگرام شہرمیں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کاسلسلہ شروع ہو گیا،کوئٹہ شہر اورمضافات میں بارش موسم سردہوگیا،مستونگ شہراور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی،چاغی سمیت دالبندین اور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی۔