ویمن ٹی 20 ورلڈکپ، نیوزی لینڈ کی اہم میچ میں کامیابی، پاکستان اور بھارت دونوں ٹیمیں باہر
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) آئی سی سی ویمن ٹی 20 ورلڈکپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ ویمن ٹیم نے پاکستان کو 54 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ ویمن ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 110 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے سوزی بیٹس 28، بروکلے ہالیڈے 22 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے 3، ندا ڈار اور عمیمہ سہیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔111 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 56 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں یہ میچ نیوزی لینڈ نے 54 رنز سے جیت لیا اور پاکستان ویمن ٹیم ٹی20 ورلڈکپ سے باہر ہوگئی۔
دوسری جانب سے پاکستان کی شکست سے بھارتی ٹیم بھی ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے، بھارت کے سیمی فائنل میں جانے کے لیے پاکستان کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست ضروری تھی۔