اگر آپ ورک فرام ہوم والی نوکری کرنا چاہتے ہیں تو ان باتوں کو ذہن میں رکھیں

اگر آپ ورک فرام ہوم والی نوکری کرنا چاہتے ہیں تو ان باتوں کو ذہن میں رکھیں
اگر آپ ورک فرام ہوم والی نوکری کرنا چاہتے ہیں تو ان باتوں کو ذہن میں رکھیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) دور حاضر میں فاصلاتی ملازمتوں (ورک فرام ہوم)  کی مانگ بڑھ رہی ہے، جن میں لوگ آفس جانے کی بجائے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے ذریعے کسی بھی جگہ بیٹھ کر کام کر سکتے ہیں۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ ایسی ملازمت حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں انہیں کچھ مہارتیں سیکھنی چاہئیں۔ان میں سب سے اہم مہارت ’خود ترغیبی‘ ہے۔ جو شخص فاصلاتی ملازمت کا خواہاں ہے اسے اپنے آپ کو متحرک رکھنا چاہیے اور وقت پر کام کرنے کی عادت اپنانی چاہیے۔ 

ایسی ملازمتوں پر لوگوں کو ایسے ورکرز درکار ہوتے ہیں جو بغیر نگرانی کے آزادانہ طور پر بہترین کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں اور یہ صلاحیت اپنے آپ کو متحرک رکھنے کی ترغیب دیتے رہنے سے ہی ممکن ہے۔دوسرے نمبر پر سب سے اہم مہارت نت نئی ٹیکنالوجی سیکھنا ہے۔ ٹیکنالوجی جس تیزی سے ترقی کر رہی ہے، اس سے شناسائی کے بغیر فاصلاتی نوکری ممکن نہیں ہے، چنانچہ ایسے تمام ٹولز سے متعلق خود کو اپ ڈیٹ رکھیے جو آپ کے کام میں معاون ہوتے ہیں۔

تیسری مہارت ’لکھنے کی مہارت‘ ہے۔ لکھنے کی مہارت ای میلز اور چیٹنگ کے ذریعے اپنے باس یا کلائنٹس سے بات کرنے میں بہت مدد دیتی ہے، چنانچہ فاصلاتی ملازمت کے حصول کے لیے یہ مہارت بھی ناگزیر ہے۔ اس کے بعد ایموشنل انٹیلی جنس کی مہارت سیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے، تاکہ آپ اپنے کولیگز کے جذبات اور خیالات کو سمجھ سکیں، جو کہ فاصلے پر رہتے ہوئے ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے۔ 

گھر سے کام کرتے ہوئے منصوبہ بندی کی مہارت بھی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ ایسے شخص کو منظم ہونا چاہیے اور ایسا معمول بنانا چاہیے جو اس کے کام میں معاون ثابت ہو۔فاصلاتی ملازمت کے دوران وقت کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے کی مہارت بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ 

آدمی کو وقت کی اس انداز میں تقسیم کرنی چاہیے کہ اپنی ڈیڈلائنز پر پورا اتر سکے۔ اس کے علاوہ گھر سے کام کرنے والے شخص میں فیصلہ سازی کی قوت بھی ہونی چاہیے کیونکہ اس کی منیجرز تک رسائی کم ہوتی ہے اور کئی معاملات میں اسے خود سے فیصلے لینے پڑتے ہیں۔ گھر سے کام کرتے ہوئے چونکہ آپ کی کولیگز اور منیجرز سے روبرو ملاقات نہیں ہوتی لہٰذا حتی الامکان کوشش کرنی چاہیے کہ مختلف طریقوں کے ذریعے ان کے ساتھ رابطے میں رہا جائے۔ اس کے لیے کانفرنس کالز، ویڈیو میٹنگز اور ای میلز و چیٹنگ وغیرہ بہترین آپشنز ہیں۔