بھارت میں کورونا تیزی سے پھیلنے لگا، دہلی میں مثبت کیسز کی شرح 32 فیصد تک پہنچ گئی
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت میں کورونا کے کیسز میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت دہلی میں ہفتہ کے روز 1396 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ شہری حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق نئی دہلی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 31.9 فیصد رہی جو 15 مہینوں میں سب سے زیادہ ہے۔ شہر میں گزشتہ سال 14 جنوری کو مثبت شرح 30.6 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
نئے کیسز کے ساتھ دہلی میں اب تک رپورٹ ہونے والے کووڈ 19 کیسز کی مجموعی تعداد 20 لاکھ 21 ہزار 593 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے پانچ اموات بھی ہوئی ہیں جس کے بعد دہلی میں اموات کی مجموعی تعداد 26 ہزار 560 ہوگئی ہے۔
تازہ ترین اموات میں سے کووِڈ 19 ایک کیس میں موت کی بنیادی وجہ تھا، جب کہ دیگر چار میں یہ حادثاتی طور پر پایا گیا۔ بلیٹن کے مطابق گزشتہ روز کئے گئے 4,376 ٹیسٹوں میں سے 1396 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔